گیس سلنڈر کا خوفناک دھماکہ، 20 سے زائد افراد جھلس گئے، 7 کی حالت نازک
اترپردیش کے ضلع جالون کے شہر اُرئی میں اتوار کی شام کھانا پکانے کے دوران گیس سلنڈر میں زبردست دھماکہ ہوگیا۔ اس حادثہ میں 20 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جن میں 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اترپردیش کے ضلع جالون کے شہر اُرئی میں اتوار کی شام کھانا پکانے کے دوران گیس سلنڈر میں زبردست دھماکہ ہوگیا۔ اس حادثہ میں 20 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جن میں 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ مکان کے باورچی خانہ کی چھت کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ سلنڈر کے ٹکڑے دور دور تک جا گرے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اُرئی کے شانتی نگر محلہ میں شام تقریباً 5:30 بجے پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق کونسلر ماتا کے گھر میں کھانا تیار کیا جارہا تھا کہ اچانک گیس سلنڈر میں آگ لگ گئی۔ گھر میں موجود خواتین کچھ سمجھ پاتیں، اس سے پہلے ہی سلنڈر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ سلنڈر کے ٹکڑے مکان سے باہر دور تک جا گرے، جس کی زد میں آکر اطراف میں موجود کئی افراد بھی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں پڑوس کی رہنے والی ڈالی (17)، دختر راجو، پشپیندر (25)، فرزند اروند اور رام موہن کشواہا (50)، فرزند رام ناتھ سمیت 20 سے زائد افراد شامل ہیں۔
دھماکے کی آواز سنتے ہی بڑی تعداد میں لوگ جائے حادثہ پر جمع ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مکان میں لگی آگ پر قابو پایا۔
مقامی افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو مختلف گاڑیوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں داخل کرتے ہوئے علاج شروع کردیا۔ ان میں سات افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ فی الحال تمام زخمی ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیر علاج ہیں۔