غصہ میں شوہر نے 500 روپے کے نوٹوں کو آگ لگادی، ویڈیو وائرل
مہنگا سوٹ خریدنے پر میاں بیوی میں اختلاف، بیوی ناراض ہوکر میکے پہنچی تو منجیت نے بینک سے باقی رقم نکال کر 500 روپے کے نوٹ آگ کے حوالے کردیے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل۔
حیدرآباد: ایک شخص نے بیوی کے ساتھ پیش آئے گھریلو جھگڑے کے بعد غصہ میں آکر اپنی جمع پونجی کو آگ کے حوالے کردیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق منجیت نامی شخص نے اپنی بیوی کے لیے ایک مہنگا سوٹ خریدا تھا، تاہم شوہر کی جانب سے کہی گئی بعض باتوں سے بیوی ناراض ہوگئی اور اپنے میکے چلی گئی۔ اس واقعہ سے منجیت مزید برہم ہوگیا۔ اسے محسوس ہوا کہ پیسوں کی وجہ سے ہی ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ہے۔
اسی غصہ میں منجیت نے بینک اکاؤنٹ میں جمع اپنی باقی رقم بھی نکلوا لی اور اپنے غصہ کا اظہار نوٹوں پر کیا۔ اس نے 500 روپے کے نوٹ ایک ایک کرکے آگ میں جھونک دئے۔
منجیت کی جانب سے نوٹ جلانے کے اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگ حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔ لوگ یہ دیکھ کر حیران ہیں کہ گھریلو مسائل اور غصہ میں آکر کسی نے اپنی محنت کی کمائی کو اس طرح ضائع کردیا۔