ٹی آرایس کی بی آرایس میں تبدیلی، اے پی میں فلکسی بورڈس
ملک کی سیاست میں تبدیلی کے مقصد کے ساتھ ہی کے سی آر نے پارٹی کے نام کی تبدیلی کی ہے جس کے بعدایک اورتلگو ریاست آندھراپردیش میں ان کی اس نئی پارٹی کے فلکسی لگائے گئے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت بھارت راشٹراسمیتی(بی آرایس) کا ایک بڑا فلیکسی آندھراپردیش کے این ٹی آرضلع مستقر اوردوسرے مقامات پر لگایاگیا ہے۔ تین دن پہلے ہی مرکزی الیکشن کمیشن نے تلنگانہ راشٹراسمیتی(ٹی آرایس)کو بھارت راشٹرسمیتی (بی آرایس) میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔
بی آرایس کے سربراہ و وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو جلد ہی اس پارٹی کے ذریعہ قومی سیاست میں قدم رکھنے والے ہیں۔ ملک کی سیاست میں تبدیلی کے مقصد کے ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کے نام کی تبدیلی کی ہے جس کے بعدایک اورتلگو ریاست آندھراپردیش میں ان کی اس نئی پارٹی کے فلکسی لگائے گئے ہیں۔
بی آرایس لیڈروں بنڈی رمیش، ڈی بھون کمار کے نام سے ایم جی روڈ پر سٹی پولیس کامپلکس اور گولاپوڈی کے امبیڈکر نگر میں یہ فلکسی کے ذریعہ اس قدم کا استقبال کیاگیا ہے۔
ان فلکسی بورڈس پر تلگو زبان میں لکھاگیا ہے ”ملک کی سیاست میں نئے دورکاآغاز،اب کوئی گروہ واری سیاست نہیں ہوگی۔آندھراپردیش کی ترقی کے لئے نیا بھروسہ“۔اس فلکسی میں تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو، ان کے فرزند تارک راما راو کی بھی تصاویر لگائی گئی ہیں۔