کل ہند صنعتی نمائش میں پکوان کے مقابلے
اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نمائش 2026 ایک بار پھر عام شہریوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے تیار ہے۔ اسی سلسلہ میں ہوم بیکرس اور میٹھا بنانے کے شوقین افراد کے لئے خاص پکوان کے مقابلہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
حیدرآباد: شہرحیدرآباد کی کل ہند صنعتی نمائش فنون اور ثقافت کا بھی ایک اہم مرکز بن چکی ہے۔ دہائیوں سے حیدرآبادی عوام کی زندگی کا اٹوٹ حصہ رہنے والی یہ نمائش صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین پلیٹ فارم بن گئی ہے۔
اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نمائش 2026 ایک بار پھر عام شہریوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے تیار ہے۔ اسی سلسلہ میں ہوم بیکرس اور میٹھا بنانے کے شوقین افراد کے لئے خاص پکوان کے مقابلہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ مقابلہ 7 فروری بروز ہفتہ صبح 11 بجے نمائش گراؤنڈ کے گاندھی صد سالہ بھون میں منعقد ہوگا۔ 85 ویں کل ہند صنعتی نمائش کے تحت ہونے والا یہ مقابلہ مکمل طور پر صرف سبزی خور پکوانوں تک محدود رہے گا۔
اس مقابلہ کو دو زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں کیک ڈیکوریشن اور صحت بخش میٹھائیاں شامل ہیں۔
ذائقہ کے ساتھ ساتھ تخلیقی صلاحیتوں کو بھی اس میں خاص اہمیت دی جائے گی۔ اس مقابلہ میں شرکت کے خواہش مند افراد نمائش سوسائٹی کے دفتر سے صبح 11 بجے سے رات 9 بجے تک درخواست فارم حاصل کر سکتے ہیں اور فارم داخل کرانے کی آخری تاریخ 3 فروری مقرر کی گئی ہے۔
کامیاب ہونے والوں کو پرکشش انعامات سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ جنوری کے مہینے سے ہی نمائش میں ثقافتی پروگرام توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جن میں تلگو اور اردو مشاعرے، غزل کی شامیں، کچی پوڑی اور بھرت ناٹیم جیسے کلاسیکی رقص، موسیقی، کامیڈی اور میجک شوز شامل ہیں۔
یکم جنوری سے شروع یہ نمائش 15 فروری تک جاری رہے گی جو خریداری کے ساتھ ساتھ فن و ثقافت کے دلدادہ شہر والوں کو اپنی طرف راغب کر رہی ہے۔