تلنگانہ

منگوڈ کے ووٹوں کی اتوار کو گنتی

ہرراؤنڈ میں 21مراکز رائے دہی کے ووٹوں کی گنتی کی جائیگی اور ووٹوں کی گنتی کے 15راونڈس ہوں گے۔ ای وی ایمس کو گنتی کیلئے کھولنے سے قبل پوسٹل بیالٹس کی گنتی کی جائے گی۔ منگوڈ ضمنی انتخاب میں 686 پوسٹل بیالٹ ڈالے گئے۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی منگوڈ ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ اتوار6نومبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئیگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے وسیع تر ا نتظامات کئے جارہے ہیں۔ کل صبح8بجے سے نلگنڈہ میں ارجلا باوی میں ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور امید ہے کہ سہ پہر تین بجے تک گنتی مکمل کرلی جائے گی اور نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔

 چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ووٹوں کی گنتی کیلئے21 ٹیبل قائم کئے گئے۔ ہرراؤنڈ میں 21مراکز رائے دہی کے ووٹوں کی گنتی کی جائیگی اور ووٹوں کی گنتی کے 15راونڈس ہوں گے۔ ای وی ایمس کو گنتی کیلئے کھولنے سے قبل پوسٹل بیالٹس کی گنتی کی جائے گی۔ منگوڈ ضمنی انتخاب میں 686 پوسٹل بیالٹ ڈالے گئے۔

 جمعرات کو منعقدہ انتخاب میں ریکارڈ93.13 فیصد رائے دہی درج کی گئی تھی جبکہ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں 91.31فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ جملہ2,41,805 دہندگان کے منجملہ 2,25,192 نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ اس تعداد میں پوسٹل بیالٹ کی تعداد شامل نہیں ہے۔

جمعہ کے روز صبح10:30 بجے رائے دہی کا حتمی فیصد معلوم ہوا۔ منگوڈ ضمنی انتخاب میں 47 امیدوار قیمت آزما رہے ہیں۔ عہدیداروں کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کے دوران تمام47 امیدواروں کے ایجنٹس کو گنتی کے دوران موجود رہنے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

 ووٹوں کی گنتی کے مرکز کے پاس مناسب حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مائیکرو آبزرورس کو تعینات کیا جارہا ہے اور ووٹوں کی گنتی کے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جارہی ہے۔ اگرچہ کہ47 امیدوار میدان میں ہیں ٹی آرایس، بی جے پی اورکانگریس کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہے۔