دہلی

دہشت گردی کے خلاف ملک کا متحدرہنا ضروری: راہول گاندھی (ویڈیو)

قائداپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے جمعہ کے دن کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملہ ملک کے عوام کو بانٹنے کیلئے کیاگیا۔ دہشت گردی کو ہمیشہ کے لئے شکست دینے ہندوستان کا متحد رہنا لازمی ہے۔

سری نگر (پی ٹی آئی) قائداپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے جمعہ کے دن کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملہ ملک کے عوام کو بانٹنے کیلئے کیاگیا۔ دہشت گردی کو ہمیشہ کے لئے شکست دینے ہندوستان کا متحد رہنا لازمی ہے۔

راہول گاندھی نے سری نگر میں میڈیا سے کہا کہ میں یہاں یہ دیکھنے کیلئے آیا ہوں کہ یہاں کیاچل رہا ہے اور میں مدد کیلئے بھی آیا ہوں۔ جموں وکشمیر کے سارے لوگوں نے دہشت گردی کی اس حرکت کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے ملک وقوم کی بھرپور تائید کی ہے۔ کانگریس قائد جمعہ کی صبح سری نگر پہنچے۔ انہوں نے بادامی باغ کنٹونمنٹ جاکر فوج کے 92 بیس ہاسپٹل میں زخمیوں کی مزاج پرسی کی۔ انہوں نے کہا کہ میری ملاقات ایک زخمی سے ہوئی‘ دوسروں سے میں نہیں مل سکا کیونکہ وہ ڈسچارج ہوکرجاچکے ہیں۔

نئی دہلی میں جمعرات کی کل جماعتی میٹنگ کے حوالہ سے راہول گاندھی نے کہا کہ ساری اپوزیشن نے دہشت گردحملہ کی مذمت کی اور وہ حکومت کے ساتھ ہے۔ ملک کے سارے شہریوں کو متحدرہناچاہئیے۔ کانگریس قائد نے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف منسٹر عمرعبداللہ سے بھی ملاقات کی جنہوں نے انہیں بتایاکہ منگل کے دن کیا ہوا تھا۔

راہول گاندھی نے کہا کہ میں نے دونوں کو یقین دلایاکہ ہماری پارٹی ان کی مدد کرے گی۔ ملک میں کشمیریوں کو ہراساں کئے جانے کے الزام پر راہول گاندھی نے کہا کہ یہ دیکھ کردکھ ہوا کہ بعض لوگ میرے کشمیری بھائیوں اور بہنوں پرحملہ کررہے ہیں۔

ہمیں متحد رہناچاہئیے اور دہشت گردی کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینے کی لڑائی لڑنی چاہئیے۔ کانگریس قائد نے قبل ازیں تاجروں اور طلبہ کے وفود کے علاوہ سیاحت سے جڑے لوگوں سے بھی ملاقات کی۔