مونتھا طوفان۔تلنگانہ کے ضلع ورنگل کی 45 کالونیاں مکمل طور پرمحصورہو گئیں
قاضی پیٹ تا ہنمکنڈہ راستے میں سومڈی اور گوپال پور تالاب لبریز ہوگئے اوران کے پشتے ٹوٹ گئے جس سے سڑکوں پر بھاری مقدار میں پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک مکمل طور پر رک گئی۔
حیدرآباد: مونتھا طوفان کے اثر سے تلنگانہ کے ورنگل ضلع میں شدید بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں 45 کالونیاں مکمل طور پرمحصورہو گئیں۔ بیشتر علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا، سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں۔
خاص طور پر ورنگل، ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ کے علاقوں میں کئی کالونیاں تالابوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
ہنٹر روڈ پر واقع بوندی واگو تالاب کے پانی سے ورنگل اور ہنمکنڈہ کے درمیان ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگئی۔ سنتوشی ماتا کالونی، ڈی کے نگر، این این نگر، مائیسیا نگر، سمیا نگر اور سائی گنیش کالونی میں گھروں کے اندر پانی داخل ہو گیا جس سے مقامی افراد سخت پریشان رہے۔
ورنگل ایسٹ کے حدود میں بلدیہ حکام نے متاثرہ عوام کے لئے کئی ریلیف کیمپ قائم کئے ہیں۔ نشیبی علاقوں کے عوام کو کشتیوں کے ذریعہ محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا۔
ہنمکنڈہ کے علاقہ میں وڈڈی پلی تالاب سے سیلابی پانی بہہ کر قریبی کالونیوں میں داخل ہوگیا جس سے جواہر کالونی، گوپال پور اور 100 فٹ روڈ پانی میں محصورہوگئے۔
قاضی پیٹ تا ہنمکنڈہ راستے میں سومڈی اور گوپال پور تالاب لبریز ہوگئے اوران کے پشتے ٹوٹ گئے جس سے سڑکوں پر بھاری مقدار میں پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک مکمل طور پر رک گئی۔
کئی مقامات پر کاریں اور موٹر سائیکلیں پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئیں۔