حیدرآباد

تلنگانہ میں بی جے پی کو 78 حلقوں سے کامیابی کی پیش قیاسی: ترون چگھ

ترون چگھ نے کہا کہ اس سروے رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد کے سی آر اور بی آر ایس قائدین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ انہیں بھی احساس ہوچکا ہے کہ اب اپنا اقتدار بچانا، تقریباً ناممکن ہوگیا ہے۔

حیدرآباد: بی جے پی تلنگانہ کے انچارج ترون چگھ نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں بے جے پی کو زبردست کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے حالیہ عرصہ میں کرائے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم از کم 78 حلقوں پر بی جے پی امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوگی۔

اس سروے رپورٹ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگر ریاست کے پارٹی قائدین اور کارکن رات دن محنت کریں تو ہم90 سے زیادہ حلقوں پر آسانی کے ساتھ کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ترون چگھ نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ابھی سے عوام میں جائیں اور حکومت کی ناکامیابیوں کا پردہ فاش کریں۔

 انہوں نے کہا کہ اس سروے رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد کے سی آر اور بی آر ایس قائدین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ انہیں بھی احساس ہوچکا ہے کہ اب اپنا اقتدار بچانا، تقریباً ناممکن ہوگیا ہے۔ انچارج بی جے پی تلنگانہ نے کہا کہ افواہوں کا بازار گرم ہے کہ کے سی آر قبل ازیں انتخابات کراسکتے ہیں۔

اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے یہ ہمارے لئے بہترین موقع ہے ت ہمارے پاس وقت کم ہے تاہم ہمارے حوصلہ اور عزائم بلند ہیں۔ ہم بتاسکتے ہیں کہ تھوڑی سے محنت سے بدعنوان افراد کو گھر کا راستہ بتایا جاسکتا ہے۔

 اس لئے ہم کو ہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہنا چاہئے۔ تروپ چگھ نے کہا کہ بی جے پی، تلنگانہ میں کافی مستحکم ہے، ہمارے پاس 2,4,600 بوتھ کمیٹیز ہیں ہر بوتھ کمیٹی میں 21اراکین ہیں۔ اس طرح ہمارے پاس7,26,600 افراد کی مضبوط فوج ہے جو سیاسی اکھاڑے میں الٹ پھیر کرسکتی ہے۔

a3w
a3w