کرناٹک

کرناٹک میں مورتی کے پاؤں چھونے پر دلت لڑکے پر 60 ہزار روپے جرمانہ

گاؤں کے عوام اور گرام پنچایت کے ارکان نے لڑکے اور اس کے خاندان والوں کو طلب کیا اور ان پر مورتی کو گندہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ گاؤں کے بزرگوں نے خاندان کو دھمکی دی کہ انہیں 60 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

کولار(کرناٹک):  مورتی کے پاؤں چھونے پر ایک دلت لڑکے پر 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ پولیس عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔ گزشتہ ہفتہ مورتی کے ساتھ جلوس نکالا گیا تھا۔ اسی دوران ایک دلت لڑکے نے بھوتماں دیوی کے پاؤں چھولئے۔

 گاؤں کے عوام اور گرام پنچایت کے ارکان نے لڑکے اور اس کے خاندان والوں کو طلب کیا اور ان پر مورتی کو گندہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ گاؤں کے بزرگوں نے خاندان کو دھمکی دی کہ انہیں 60 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ دلت لڑکے کی ماں یومیہ اجرت پر مزدوری کرتی ہے اور اتنی رقم جمع کرنے کے قابل نہیں۔

 اِس کے باوجود اس خاندان کو دھمکیاں دی گئیں۔ گرام پنچایت کے ارکان نے خاندان پر زور دیا کہ وہ جرمانہ ادا کرے تاکہ مورتی کو پاک صاف کیا جاسکے۔ اسی دوران دلتوں کی فلاحی تنظیم امبیڈکر سیوا سمیتی کو اس کی اطلاع ملی اور وہ فوری گاؤں پہنچ گئی۔ کولار پولیس نے سماجی حقوق کے تحفظ قانون کے تحت گرام پنچایت اور گاؤں کے بزرگوں کے خلاف ایک کیس درج کرلیا ہے۔