دلت نوجوان پر تشدد، برقی جھٹکے دیے گئے، ناخن نوچے گئے
واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں نیم برہنہ نوجوان کو رحم کی بھیک مانگتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ اردگرد کے لوگ نہ صرف اس پر تشدد کر رہے تھے بلکہ ویڈیو بھی بنا رہے تھے۔

کوربا، چھتیس گڑھ – چھتیس گڑھ کے ضلع کوربا میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں دو دلت نوجوانوں کو ان کے ہی آجر اور اس کے ساتھیوں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ افراد، ابھیشیک اور وِنود بھامبی، دونوں راجستھان کے ضلع بھیلواڑا سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ دونوں نوجوان کوربا کے ایک آئس کریم فیکٹری میں ملازمت کے لیے آئے تھے جہاں چوٹو گُرجَر نامی شخص نے انہیں دو ماہ تک بغیر تنخواہ کام کرایا۔ جب انہوں نے اپنی محنت کی اجرت مانگی، تو اُنہیں نہ صرف زبانی گالیاں دی گئیں بلکہ برہنہ کر کے شدید جسمانی تشدد، برقی جھٹکے، اور پلائر سے ان کے ناخن اور اعضائے مخصوصہ نوچے گئے۔
واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں نیم برہنہ نوجوان کو رحم کی بھیک مانگتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ اردگرد کے لوگ نہ صرف اس پر تشدد کر رہے تھے بلکہ ویڈیو بھی بنا رہے تھے۔
متاثرہ افراد کسی طرح وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے اور راجستھان کے بھیلواڑا میں شکایت درج کرائی گئی، جسے بعد ازاں کوربا پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کیا جن میں دو فیکٹری مالکان اور ان کے تین ساتھی شامل ہیں۔ ان میں سے ایک ملزم نابالغ ہے۔
ایف آئی آر میں متاثرین نے کہا:
"انہوں نے ہمیں گالیاں دینا شروع کیں، ہمارے کپڑے اتارے، ہمیں پیٹا، ہمارے جسم کے اعضا پلائر سے کھینچے، برقی جھٹکے دیے، اور اس دوران ویڈیو بھی بناتے رہے۔”
ایس پی سدھارتھ تیواری نے تصدیق کی کہ کیس میں سخت دفعات بشمول بی این ایس کی دفعہ 127(2)، 115(2)، 308(2) اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کی دفعہ 3(2)(v-a) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے گرفتار شدگان کو عدالت میں پیش کرنے کا عندیہ دیا ہے، اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔