تلنگانہ

تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے چیتے کی موت

نظام آباد ضلع کے جکرانپلی منڈل کے حدود میں واقع سکندرپور کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک چیتے کی موت واقع ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح ایک نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے والے چیتے کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

نظام آباد: نظام آباد ضلع کے جکرانپلی منڈل کے حدود میں واقع سکندرپور کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک چیتے کی موت واقع ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح ایک نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے والے چیتے کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جنگلاتی عہدیدار اور پولیس مقامِ حادثہ پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیتے کی نعش کو محفوظ کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گاڑی کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ چیتا وہیں دم توڑ بیٹھا۔

مقامی افراد نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں اس علاقہ میں جنگلی جانوروں کی آمد و رفت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، کیونکہ قریبی جنگلات سے متصل سڑکوں پر رات کے اوقات میں اکثر جانور دکھائی دیتے ہیں۔ مقامی عوام نے حکومت اور محکمہ جنگلات سے اپیل کی ہے کہ اس علاقہ میں مناسب سائن بورڈس نصب کئے جائیں اور گاڑیوں کی رفتار پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات سے بچا جاسکے۔