جرائم و حادثاتقومی

نوجوان لڑکی کا بہیمانہ قتل، سی سی ٹی وی میں آخری لمحات قید

دہلی کے کپڑوں کے شوروم میں 18 سالہ شبنم کا بہیمانہ قتل، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم اسے بالوں سے پکڑ کر ٹرائل روم میں لے جاتے ہوئے نظر آیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

نئی دہلی۔ دہلی میں ایک کپڑوں کے شوروم کے ٹرائل روم میں 18 سالہ لڑکی کے بہیمانہ قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واردات سے قبل کے سی سی ٹی وی مناظر بھی منظر عام پر آئے ہیں، جن میں ملزم لڑکی کو بالوں سے پکڑ کر زبردستی ٹرائل روم میں لے جاتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت شبنم کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ملزم کا نام سورج بتایا گیا ہے۔ شبنم مغربی دہلی کے موتی نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع کپڑوں کے شوروم میں کام کرتی تھی اور اپنے خاندان کے ساتھ رہتی تھی۔ وہ ملزم کو پہلے سے جانتی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، شبنم شوروم میں ایک کرسی پر بیٹھی ہوئی تھی کہ اسی دوران سورج وہاں پہنچا اور اس پر حملہ کردیا۔ ملزم نے اس کے بال پکڑ کر اسے زبردستی کھڑا کیا اور گھسیٹتے ہوئے ٹرائل روم میں لے گیا۔ فوٹیج میں لڑکی کو روتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

بعد ازاں شبنم کی نعش ٹرائل روم میں خون میں لت پت پائی گئی۔ اس کا گلا کاٹا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی شام شبنم کی ڈیوٹی ختم ہونے والی تھی، اسی دوران ملزم شوروم میں داخل ہوا اور مبینہ طور پر اس کا قتل کردیا۔ شوروم کے دیگر ملازمین کو رات تقریباً 9 بجے اس وقت واردات کا علم ہوا جب وہ دکان بند کرنے سے قبل ٹرائل رومس کی جانچ کررہے تھے۔ شبنم کو خون میں لت پت دیکھ کر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم دہلی سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا، تاہم اسے گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، شبنم اور ملزم کے درمیان پہلے قریبی دوستی تھی، لیکن بعد میں دونوں کے تعلقات ختم ہوگئے تھے۔

پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور شوروم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق، قتل کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے یک طرفہ محبت اور ذاتی تنازعات سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔