چین نے ہوائی سفر کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کردی
چین کے تیار کردہ CE-25A الیکٹرک طیارے نے دو پائلٹس اور ایک انجینئر کے ساتھ پہلی انسانی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی، طیارے میں 19 مسافروں کی گنجائش ہے۔
چین۔ 15 نومبر (منصف نیوز ڈیسک) چین نے ماحول دوست ہوابازی کے شعبہ میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے تیار کردہ الیکٹرک طیارے CE-25A کی پہلی انسانی پرواز کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی ہے۔ یہ آزمائشی پرواز مشرقی چین کے صوبہ شانڈونگ کے شہر بن ژو میں انجام دی گئی۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارہ سی سی ٹی وی کے مطابق، ہفتہ 14 نومبر کو ہونے والی اس پرواز میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹسٹ انجینئر نے حصہ لیا۔ طیارے کی آزمائشی پرواز کا پورا عمل 57 منٹ 46 سیکنڈ جاری رہا، جبکہ طیارہ 16 منٹ سے زائد وقت تک فضا میں رہا اور اس دوران 60.4 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔
کمپنی کے مطابق، پرواز کے دوران طیارے کے تمام نظام معمول کے مطابق کام کرتے رہے اور اس کی کارکردگی توقعات کے مطابق رہی۔
یہ کامیابی کئی ماہ کی بغیر پائلٹ آزمائشوں کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ طیارے نے پہلی مرتبہ 2 فروری کو بغیر پائلٹ پرواز کی تھی۔ انسانی پرواز کی اجازت ملنے سے قبل اس کی 19 خودکار آزمائشی پروازیں مکمل کی گئی تھیں۔
طیارے کو ایک اور اہم پیش رفت اس وقت حاصل ہوئی جب چین کی شہری ہوابازی کی انتظامیہ (CAAC) نے اس کے ٹائپ سرٹیفکیٹ کی درخواست باضابطہ طور پر قبول کرلی۔ یہ سرٹیفکیٹ کسی بھی مسافر بردار طیارے کو تجارتی پروازوں کی اجازت دینے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔
گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، CE-25A چین کا پہلا الیکٹرک کمرشیل طیارہ ہے جسے شہروں کے درمیان سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں 19 مسافروں کی گنجائش ہے اور اس کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 10 ٹن ہے۔
طیارے کی زیادہ سے زیادہ رفتار 300 کلو میٹر فی گھنٹہ، پرواز کی بلندی 2,400 میٹر اور ایک مرتبہ چارج ہونے پر پرواز کی حد 400 کلو میٹر بتائی گئی ہے۔