قومی

لشکر طیبہ کا دہشت گرد لطیف بھٹ‘ انکاونٹر میں ہلاک

کلگام میں تقریباً 9 گھنٹے تک جاری رہا مشترکہ آپریشن، مسجد میں پناہ لینے والے لطیف بھٹ کو سرینڈر کی بارہا اپیل کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت

سری نگر (آئی اے این ایس) سی آر پی ایف جوانوں پر 11نومبر کے کلگام دہشت گرد حملہ میں بچ جانے والا واحد دہشت گرد لطیف بھٹ جموں و کشمیر کے ضلع کلگام کے جنگل پورہ / لارو علاقہ میں چہارشنبہ کے دن سیکوریٹی فورسس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں مارا گیا۔

انکاونٹر میں اس کی ہلاکت کے فوری بعد جموں و کشمیر پولیس نے ایکس پر کہاکہ مہلوک کی نعش ہتھیار کے ساتھ مقام انکاونٹر سے برآمد کرلی گئی۔ پولیس کی پوسٹ میں یہ بھی کہاگیا کہ تم بھاگ سکتے ہو لیکن چھپ نہیں سکتے۔ لطیف بھٹ کی ہلاکت کو مشترکہ فورسس کی بڑی کامیابی کہاجارہاہے۔

لطیف بھٹ نے جب ایک مسجد کے اندر پناہ لی تو سیکوریٹی فورسس نے دوران انکاونٹر بہت زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پولیس نے اس سے بار بار اپیل کی کہ وہ ہتھیار ڈال دے۔ اپیلوں کا اس پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ لشکر طیبہ کے کارندہ محمد لطیف بھٹ نے زندگی اور بندوق میں بندوق کو چنا۔

قبل ازیں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عنایت علی نے کہاکہ لطیف بھٹ کو سرینڈر کرنے کا پورا موقع دیا گیا۔ لطیف نے ایک مسجد میں پناہ لی تھی۔منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب 2:45 نے اس نے سیکوریٹی فورسس پر فائرنگ شروع کردی تھی مسجد کو نقصان نہ پہنچے اس کے لیے پوری احتیاط برتی گئی۔

ایس ایس پی نے کہاکہ میں نے خود اسے ویڈیو کال کی اور تفصیلی بات چیت کی۔ ہم نے اسے قائل کرنے کی کہ پوری کوشش کی کہ اس نے سامنے پوری زندگی پڑی ہے۔ ہم نے اس سے کہاکہ تم نوجوان ہو جینے کی سوچو لیکن وہ مانا نہیں۔

16نومبر کو سیکوریٹی فورسس نے کلگام کے موضع لارو میں لطیف بھٹ اور اس کے ساتھی عمر ناصر کو گھیر لیاتھا۔ انکاونٹر میں عمر ناصر کی ہلاکت ہوئی تھی جبکہ لطیف بھٹ بچ نکلا تھا۔ 17نومبر کو سیکوریٹی فورسس نے کلگام کے کئی مواضعات میں کارڈن سرچ آپریش کئے تھے۔ 18نومبر کو سیکوریٹی فورسس نے آخر کار لطیف بھٹ کو گھیر لیا۔

مشترکہ آپریشن تقریباً9 گھنٹے جاری رہا۔ لطیف بھٹ او راس کے ساتھی نے سی آر پی ایف کی چوکی پر گولیاں چلاکر 3 جوانوں کو زخمی کردیاتھا۔