دہلی

مسجد میں لوٹ مار کے 6 ملزمین بری، پولیس تحقیقات پر سنگین سوالات

دہلی کی ایک عدالت نے 6  افراد کو جو 2020 کے دہلی فسادات کے دوران سداماپوری کی ایک مسجد کے قریب لوٹ مار اور آتشزنی کے کیس میں ملزم تھے‘ بری کردیا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) دہلی کی ایک عدالت نے 6  افراد کو جو 2020 کے دہلی فسادات کے دوران سداماپوری کی ایک مسجد کے قریب لوٹ مار اور آتشزنی کے کیس میں ملزم تھے‘ بری کردیا۔

پولیس کے تحقیقات کے طریقہ پر سنگین سوالات اُٹھے ہیں۔ کرکرڈوما عدالت نے ایشو گپتا‘ پریم پرکاش‘ راج کمار‘ منیش شرما‘ راہول عرف گولو اور امیت عرف انو کو یہ کہتے ہوئے بری کردیا کہ ان کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں ملا اور استغاثہ کے کیس میں خامیاں پائی گئیں۔

سخت الفاظ پر مبنی فیصلہ میں عدالت نے تحقیقات کرنے کے دہلی پولیس کے طریقہ کار پر تنقید کی۔ اس نے کہا کہ خامیوں اور نقائص کے باوجود ایس ایچ او اور دیگر عہدیداروں نے چارج شیٹ داخل کردی۔ کیس ڈائری نہ تو عدالت میں داخل کی گئی اور نہ ہی پولیس اسٹیشن ریکارڈ میں پائی گئی۔

اس کے علاوہ عینی شاہدین بھی اپنے بیان سے مکرگئے جس سے استغاثہ کا کیس مزید کمزور ہوگیا۔ جج نے کہا کہ ملزمین پہلے سے زیرحراست تھے اور ان کی شناخت مبینہ طورپر تصاویر کے ذریعہ کی گئی۔ تصاویر کے ذریعہ شناخت اس وقت کی جاتی ہے جب ملزمین نامعلوم ہوں یا گرفتار نہ ہوئے ہوں۔