سرکاری بلز کی منظوری کیلئے 8 تا 14 فیصد کمیشن کا مطالبہ: بنڈی سنجے
سنجے نے کہا کہ یہ کمیشن مافیا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین پر الزام لگایا کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کے لئے دہلی ہائی کمان کو رشوت دینے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔
حیدر آباد: مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں بر سر اقتدار کانگریس بلوں کی منظوری کے لئے 8 سے 14 فیصد کمیشن کا مطالبہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کابینہ میں کچھ ایماندار وزراء اس سے ناخوش ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس کے اندر تنازعات بڑھ رہے ہیں۔
سنجے نے کہا کہ یہ کمیشن مافیا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین پر الزام لگایا کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کے لئے دہلی ہائی کمان کو رشوت دینے پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ سنجے نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ریاست بھر میں تقریباً 12,000 سابق سرپنچوں کو ان کے زیر التواء بلوں کو ادا نہ کرتے ہوئے مشکل میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے کشن ریڈی کی قیادت میں پارٹی سابق سرپنچوں کی حمایت کرے گی اور ان کے مقصد کے لیے تحریک چلائے گی۔ آج یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے، سنجے نے سابق سرپنچوں کے ذریعہ انجام دیئے گئے متعدد ترقیاتی پروجیکٹس کی فہرست جاری کی جس میں دیہی ترقی کے لئے اقدامات، کسانوں کی مدد کے پلاٹ فارمس کی تعمیر، قبرستان کی حصار بندی، کمیونٹی ہال کی تعمیر، سڑکیں اور پانی کا مؤثر انتظام قابل ذکر ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام سابق سرپنچوں کے تعاون کو تسلیم کرتے ہیں۔ سنجے نے کانگریس حکومت کے تحت جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر جرائم میں 22 فیصد اضافہ اور خواتین کے خلاف جرائم میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت پر امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہونے کا الزام لگایا۔