مردم شماری اعلامیہ میں ذات شماری کا مطالبہ
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے دھرمیندر یادو نے پیر کو لوک سبھا میں آئندہ مردم شماری کے دوران ذات پات کی مردم شماری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ذکر گزٹ نوٹیفکیشن میں ہونا چاہئے۔
نئی دہلی: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے دھرمیندر یادو نے پیر کو لوک سبھا میں آئندہ مردم شماری کے دوران ذات پات کی مردم شماری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ذکر گزٹ نوٹیفکیشن میں ہونا چاہئے۔
وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ مردم شماری کے لیے 22 جنوری کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن میں ذات پات کی مردم شماری کا ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کئی بار کہا ہے کہ اس بار ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے گی، لیکن اس کے لیے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں اس کا ذکر نہیں ہے۔
ملک کے پسماندہ طبقات اس بات کو لے کر فکر مند اور پریشان ہیں کہ ذات پات کی مردم شمای ہوگی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ذات شماری کے حوالے سے اپنے فیصلے کو واضح کرے اور ذات پات کی مردم شماری کا ذکر کرتے ہوئے نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے۔
ایس پی کے ہی نریش اتم پٹیل نے اتر پردیش میں پسماندہ اور اقلیتی برادریوں کے طلباء کو اسکالرشپ نہ ملنے یا اس میں تاخیر کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طلبہ و طالبات کی پڑھائی چھوٹ رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکالرشپ کی تقسیم کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور ان کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔کانگریس کے ڈاکٹر ملو روی نے گھریلو ملازمین کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ من مانی کی جاتی ہے اور انہیں جسمانی و ذہنی اذیت دی جاتی ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان کے مفادات کا تحفظ کرے۔کانگریس پارٹی کے ہی جے پرکاش نے سوشل میڈیا پر مہرشی والمیکی کے لیے گمراہ کن اور توہین آمیز مواد ہونے کا ذکر کرتے ہوئے حکومت سے اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سرچ انجن گوگل سے بھی اسی قسم کے مواد کو ہٹوانے کا حکومت پر زور دیا۔