بھگوان جگناتھ‘ مودی کے بھکت!،سمبیت پاترا کو غلط ریمارک پر معافی مانگنی پڑی
سمبیت پاترا نے ایکس پر ویڈیو پیام میں کہا کہ زبان پھسلنے سے جو غیرارادی ریمارک میں نے کیا اس کے لئے میں 3 دن کا برت رکھوں گا۔ جگناتھ کے تعلق سے جو غلطی ہوئی اس پر مجھے بڑا دکھ ہے۔

بھوبنیشور: بھگوان جگناتھ والے ریمارک پر سیاسی جماعتوں کی مسلسل تنقید کے بیچ بی جے پی ترجمان اور حلقہ لوک سبھا پوری کے امیدوار سمبیت پاترا نے ”لغزش زبان“ کے لئے منگل کے دن معافی مانگ لی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس کی تلافی کے لئے 3 دن کا برت رکھیں گے۔
انہوں نے ایکس پر ویڈیو پیام میں کہا کہ زبان پھسلنے سے جو غیرارادی ریمارک میں نے کیا اس کے لئے میں 3 دن کا برت رکھوں گا۔ جگناتھ کے تعلق سے جو غلطی ہوئی اس پر مجھے بڑا دکھ ہے۔ میں جگناتھ جی کے پیر چھوتا ہوں اور معافی مانگتا ہوں۔
سمبیت پاترا نے پیر کے دن مقامی ٹی وی چیانل کو انٹرویو میں ریمارک کیا تھا کہ بھگوان جگناتھ‘ وزیراعظم مودی کے بھکت ہیں۔ ان کے اس ریمارک پر اوڈیشہ میں برسراقتدار بیجو جنتادل کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔
دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم اُڑیہ شہریوں نے بھی برہمی ظاہر کی تھی۔ چیف منسٹر بیجو پٹنائک نے پیر کے دن ایکس پر پوسٹ کیا تھا کہ بھگوان جگناتھ‘ اُڑیہ اسمیتا کی سب سے بڑی علامت ہیں۔ انہیں دوسرے انسان کا بھکت کہنا پوری طرح قابل مذمت ہے۔
میں بی جے پی امیدوار کے بیان کی پرزور مذمت کرتا ہوں اورپارٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھگوان کو سیاست سے اوپر رکھے۔ چیف منسٹر دہلی کجریوال نے بھی بیان کی مذمت کی اور اسے ”گھمنڈ کی انتہا“ قراردیا۔