حیدرآباد

تلنگانہ میں 8میڈیکل کالجس کا آغاز

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں نئے قائم شدہ 8میڈیکل کالجس میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز عمل میں لایا۔آج پرگتی بھون سے کے سی آر نے ورچیول طریقہ کار سے8 اضلاع میں قائم کردہ میڈیکل کالجس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں نئے قائم شدہ 8میڈیکل کالجس میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز عمل میں لایا۔آج پرگتی بھون سے کے سی آر نے ورچیول طریقہ کار سے8 اضلاع میں قائم کردہ میڈیکل کالجس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریاست میں ایک ہی تعلیمی سال کے دوران 8میڈیکل کالجس کے قیام کو تاریخی اور مبارک لمحہ قراردیا۔کے سی آر نے کہا کہ حکومت ریاست کے تمام33اضلاع میں میڈیکل کالجس قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سنجیدگی کا اس بات سے بھی اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ تشکیل تلنگانہ کے وقت ریاست میں میڈیکل کالجس کی تعداد صرف5تھی جو اب بڑھ کر 17 ہوگئی ہے۔ آج 8 میڈیکل کالجس کے آغاز کے بعد اب ریاست کے 17 اضلاع میں میڈیکل کالجس قائم ہوچکے ہیں۔آئندہ دو سالوں کے دوران ماباقی17اضلاع میں میڈیکل کالجس کارکرد ہوجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مزید17کالجس کے قیام کیلئے ریاستی کابینہ کی جانب سے اصولی طورپر منظوری دے دی گئی ہے۔آج سنگاریڈی، محبوب آباد، منچریال،جگتیال، ونپرتی،کتہ گڈم،ناگرکرنول اور راماگنڈم میں ایک ہی ساتھ میڈیکل تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔اس موقع پر ضلع کلکٹرس،محکمہ صحت عامہ کے ذمہ دار،طلباء اور فیکلٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔چیف منسٹر نے تمام عہدیداروں اور طلباء کو اس دیرینہ خواب کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ نئے کالجس کے آغاز سے ریاست میں جہاں میڈیکل سیٹس میں اضافہ ہوا ہے وہیں عوام کو بہترین صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔کے سی آر نے کہا کہ8میڈیکل کالجس کی تعمیر پر 4080کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جس کی وجہ سے ریاست میں میڈیکل سیٹس کی تعداد بڑھ کر1050ہوگئی ہے جبکہ ریاست میں جملہ میڈیکل سیٹس جو2014میں صرف 850تھی،2022تک بڑھ کر 2790 ہوگئے ہیں۔

اس طرح ریاست میں پوسٹ گریجویشن میڈیکل سیٹس کی تعداد 515 سے بڑھ کر1180اور سوپر اسپیشالیٹی سیٹس 70سے بڑھ کر152ہوگئے ہیں۔کے سی آر نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت ریاست میں نیم طبی عملہ کی تعداد میں بھی اضافہ کیلئے کوشاں ہے۔ہر ضلع میں میڈیکل کالج کے ساتھ ساتھ ایک نرسنگ کالج قائم کرنے کیلئے مساعی جاری ہیں۔