کیا لبنان میں قید معمر قذافی کے بیٹے حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے؟
سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے سابق مقتول کرنل معمر قذافی کے لبنان میں زیر حراست بیٹے ہنیبل حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ہیں۔
بیروت: سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے سابق مقتول کرنل معمر قذافی کے لبنان میں زیر حراست بیٹے ہنیبل حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ ہنیبل قذافی لبنان کی ایک جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے ہیں۔ یہ خبریں بڑے پیمانے پر گردش کرتی رہیں۔
خاص طور پر حالیہ ایام میں دوران حراست ہنیبل کی صحت بار بار بگڑنے کی خبروں کے بعد انہیں تقویت ملی۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ہنیبل کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں، کیونکہ کئی ذرائع نے ہنیبل کی موت کے بارے میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔
ہنیبل کی مؤکل ریم یوسف الدبری نے لیبیا کے اخبار "بوابہ الوسط” کو بتایا کہ یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور محض افواہ ہے۔ وہ نہیں جانتے کہ اس کا کیا مقصد ہے۔
خیال رہےکہ ہنیبل قذافی کو لبنانی پولیس نے 2015ء میں حراست میں لے لیا تھا۔ حال ہی میں ہیومن رائٹس واچ نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
انہیں لبنانی فورسز نے ایک سرکردہ عالم دین کی لیبیا میں کئی سال قبل گم شدگی کے کیس میں گرفتار کیا تھا تاہم یہ واقعہ سابق لیبی لیڈر کرنل معمر قذافی کے دور کا تھا۔