پی ایف آئی کو 5.20 کروڑ روپے جمع کرانے کی ہدایت: کیرالا ہائیکورٹ
کیرالا ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کو ہدایت دی کہ وہ 23 ستمبر کواپنے قائدین کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے لئے منائے گئے بند کے دوران ہونے والے نقصانات کے لئے 5.20 کروڑ روپے معاوضہ کی رقم جمع کرائے۔

کوچی: کیرالا ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کو ہدایت دی کہ وہ 23 ستمبر کواپنے قائدین کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے لئے منائے گئے بند کے دوران ہونے والے نقصانات کے لئے 5.20 کروڑ روپے معاوضہ کی رقم جمع کرائے۔
جسٹس اے کے جئے شنکرن نمبیار اور جسٹس سی پی محمد نیاز پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے پی ایف آئی کے خلاف کارروائی کا ازخود نوٹ لیا اور ریاست میں تمام تحت کی عدالتوں کو ہدایت دی کہ وہ معاوضہ کے بغیر ضمانت منظور نہ کریں۔
عدالت نے کہا کہ تباہی میں ملوث تمام افراد کے شخصی اثاثوں کو ضبط کرنے کی کارروائی کی جائے اور کلیمس کمیشن قائم کیا جائے جو نقصان اٹھانے والوں کو معاوضہ ادا کرنے کے معاملات سے نمٹے گا۔ ہدایات کے مطابق یہ رقم اندرون 2ہفتے ایڈیشنل چیف سکریٹری محکمہ داخلہ کے پاس جمع کرانی ہوگی۔
حکومت اور کے ایس آر ٹی سی کی جانب سے نقصانات کا تخمینہ کیا گیا ہے۔ یہ نقصانات ریاست میں سرکاری اور خانگی جائیدادوں کو تباہی کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ پی ایف آئی کے جنرل سکریٹری عبدالستار کو تمام کیسس میں اضافی ملزم بنائے۔
حکومت نے عدالت کو بتایا ہے کہ 487 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور 1992 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 687 افراد کو احتیاطی طورپر حراست میں لیا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ جب بھی لفظ ہڑتال کہا جاتا ہے‘ اس کے شہریوں کے لئے مختلف معنی ہوتے ہیں۔ لوگ مسلسل خوف کے عالم میں جی رہے ہیں۔ عام آدمی کا اس سے کیا لینا دینا ہے۔ عام آدمی مصیبت اٹھاتا ہے اور کس لئے‘ محض اس لئے کہ وہ آپ کے نظریات کی حمایت نہیں کرتا۔