جی ایچ ایم سی حدود میں مستحقین میں 11,700ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم
محمود علی نے چندرائن گٹہ اور بہادر پورہ حلقوں میں بھی ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کئے۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباداسدالدین اویسی اور دیگر عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں قرعہ اندازی کے ذریعہ منتخب مستفیدین میں 11,700ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم کا آغاز کیا ہے۔ وزیرافزائش مویشیاں سرینواس یادو نے میڑچل ضلع کے قطب اللہ پور کے بہادر پلی کی ڈبل بیڈروم کالونی کا افتتاح کیا جہاں پر 1700مکانات ہیں۔
اس موقع پر وزیرموصوف نے کہا کہ گاجولارامارم علاقہ سے تعلق رکھنے والے 144 مستفیدین، صنعت نگرسے 500، کوکٹ پلی سے 500 اور سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ سے 200 مستفیدین کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکانوں کا الاٹمنٹ بغیر کسی سیاسی الحاق کے شفافیت کے ساتھ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس اسکیم کی نظیر کہیں اور نہیں ملتی، پہلے مرحلہ میں 11,700مکانات تقسیم کئے جائیں گے۔ میڑچل ملکاجگری ضلع میں وزیرلیبر ملاریڈی، وزیر داخلہ محمود علی نے مکانات کی تقسیم کی۔
محمود علی نے چندرائن گٹہ اور بہادر پورہ حلقوں میں بھی ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کئے۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباداسدالدین اویسی اور دیگر عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔