مذہب

جنازہ میں سواری پر سوار ہوکر شریک ہونا

بعض دفعہ کسی بڑی شخصیت کا جنازہ اٹھتا ہے،جس میں شرکاء کی بڑی تعداد ہوتی ہے توبہت سے لوگ کاروں یاموٹر سائیکلوں پرسوارہوکرجنازہ میں شریک ہوتے ہیں،کیااس طرح جلوس جنازہ میں شریک ہونا جائزہے؟

سوال: بعض دفعہ کسی بڑی شخصیت کا جنازہ اٹھتا ہے،جس میں شرکاء کی بڑی تعداد ہوتی ہے توبہت سے لوگ کاروں یاموٹر سائیکلوں پرسوارہوکرجنازہ میں شریک ہوتے ہیں،کیااس طرح جلوس جنازہ میں شریک ہونا جائزہے؟(کرامت علی، محبوب نگر)

جواب: افضل طریقہ تویہی ہے کہ جنازہ کے پیچھے پیدل چلا جائے، حدیث میں ہے کہ حضرت سعدبن معاذ رضی اللہ عنہ کے جنازہ میں آپ ﷺ پیدل جنازہ کے پیچھے پیچھے چل رہے تھے:

کان یمشی خلف جنازۃِ سعدبن معاذ (مصنف عبدالرزاق ٖحدیث نمبر: ۶۲۶۳)

لیکن اگرسواری پرچڑھ کرجلوس جنازہ میں شریک ہو،تب بھی حرج نہیں:

ولابأس بالرکوب فی الجنازۃ والمشی أفضل (المحیط البرہانی:۳/۷۱ألجنائز)

بلکہ امام ابویوسف سے خودامام ابوحنیفہ کے بارے میں منقول ہے کہ آپ جنازہ سے آگے، سوارہوکر،تشریف لے جارہے تھے، جب کچھ آگے بڑھ جاتے توٹھہرجاتے یہاں تک کہ جنازہ آجائے (حوالۂ سابق)