ضلع انتظامیہ گیان واپی مسجد میں وضو کا مسئلہ حل کرے: سپریم کورٹ
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے متعلقہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضلع انتظامیہ کو میٹنگ بلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ جمعہ کو اس معاملے میں اگلی سماعت کرے گی۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے وارانسی کی متنازعہ گیان واپی مسجد میں رمضان کے دوران وضو کی اجازت مانگنے والی درخواستوں پرپیر کو ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ متعلقہ فریقوں کے ساتھ منگل کو میٹنگ کریں اور مناسب انتظامات کریں۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے متعلقہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضلع انتظامیہ کو میٹنگ بلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ جمعہ کو اس معاملے میں اگلی سماعت کرے گی۔
بنچ کے سامنے خصوصی ذکر کے دوران سینئر ایڈوکیٹ حذیفہ احمدی نے عرضی گزاروں کی طرف سے اس مدے کو 6 اپریل کواٹھایا تھا۔ انہوں نے درخواست کی تھی کہ رمضان میں وضو کرنے کی اجازت دی جائے۔
بابری مسجد کی نگرانی کرنے والی انجمن انتظامیہ مسجد مینجمنٹ کمیٹی درخواست گزاروں میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ گیان واپی مسجد میں کچھ ہندو درخواست گزاروں کی جانب سے شیولنگ ہونے کا دعویٰ کرنے کے بعد تنازعہ چل رہا ہے۔