ڈاکٹرز صحت مند معاشرے کے ضامن اور مریضوں کے لیے امید کی کرن ہیں: ایس اے ہدیٰ
آندھرا پردیش کے سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس سید انوارالہدیٰ (ایس اے ہدیٰ) نے کہا کہ میڈیکل پروفیشن ایک مقدس شعبہ ہے اور ڈاکٹرز صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز مریضوں کے لیے امید کی کرن ہوتے ہیں اور ان کا ہمدردانہ رویہ مریضوں کی نفسیاتی کیفیت بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
حیدرآباد: آندھرا پردیش کے سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس سید انوارالہدیٰ (ایس اے ہدیٰ) نے کہا کہ میڈیکل پروفیشن ایک مقدس شعبہ ہے اور ڈاکٹرز صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز مریضوں کے لیے امید کی کرن ہوتے ہیں اور ان کا ہمدردانہ رویہ مریضوں کی نفسیاتی کیفیت بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
وہ اتوار کی شام سائنٹیفک مائنڈس کے زیر اہتمام میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ NEET ٹاپرس کی تہنیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب کی صدارت سائنٹیفک مائنڈس کے سید سعادت نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سیف الدین اطہر، ڈاکٹر سید محمد علی، خلیل الرحمن، عاطف حسین (کراؤڈ گیدر گو)، شیخ الیاس احمد اور ڈاکٹر محمد فصیح الدین (نواب انٹرنیشنل اسکول، کریم نگر) سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
ایس اے ہدیٰ نے NEET ٹاپرس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں انسانیت کی خدمت اور دکھی انسانوں کی مدد کا موقع حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل تعلیم حاصل کرنا کامیابی کی منزل نہیں بلکہ اصل امتحان اس وقت شروع ہوتا ہے جب ڈاکٹرز عملی زندگی میں اپنی مہارت، ایثار اور خدمت کے جذبے کے ساتھ مریضوں کی خدمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طب کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے دن اور رات کی روایتی حدود نہیں ہوتیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں مریضوں کی ضروریات کے مطابق وقف کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق علاج کے ساتھ ڈاکٹر کا مشفقانہ اور ہمدردانہ رویہ بھی مریض کے لیے اہم ہوتا ہے۔
سابق ڈی جی پی نے کہا کہ موجودہ دور میں صحت کا شعبہ انتہائی اہمیت اختیار کرچکا ہے، کیونکہ دنیا مختلف وباؤں اور صحت سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
تقریب کے دوران سائنٹیفک مائنڈس کی جانب سے NEET ٹاپرس کو نصابی کتابیں بھی تحفے میں پیش کی گئیں۔ تقریب کا آغاز سید سعادت کے خیرمقدمی خطاب سے ہوا، جس میں انہوں نے مہمانوں اور طلبہ کا استقبال کیا۔
تقریب میں NEET میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں مستقبل میں طبی شعبے کے ذریعے انسانیت کی خدمت کرنے کی ترغیب دی گئی۔