ہندوستان میں پہلی مرتبہ برڈ فلو کی ویکسین تیار، پولٹری کاروباریوں کو بڑی راحت
ہندوستان نے پہلی مرتبہ دیسی ٹیکنالوجی سے H5N1 برڈ فلو کی ویکسین تیار کرلی۔ مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بھوپال میں ویکسین کو ملک کے نام معنون کیا، ایک خوراک کی قیمت ایک سے دو روپے رکھنے کا اعلان۔
حیدرآباد: ہندوستان نے برڈ فلو کی روک تھام کے شعبہ میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ملک میں پہلی مرتبہ H5N1 برڈ فلو کی دیسی ویکسین تیار کی ہے۔ مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کو مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب کے دوران اس ویکسین کو ملک کے نام معنون کیا۔
مکمل طور پر دیسی ٹکنالوجی سے تیار کردہ اس ویکسین سے ملک کے پولٹری کاروباریوں اور مرغی فارمرس کو بڑی راحت ملنے کی توقع ہے۔ برڈ فلو کے پھیلاؤ کے نتیجے میں پولٹری صنعت کو ہونے والے نقصانات پر قابو پانے میں یہ ویکسین اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بتایا کہ ویکسین کو پولٹری فارمرس کی پہنچ میں رکھنے کے لیے اس کی ایک خوراک کی قیمت صرف ایک سے دو روپے مقرر کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کی دستیابی سے برڈ فلو کے خطرات سے نمٹنے اور پولٹری کاروبار کو ہونے والے نقصانات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
سائنسدانوں کی کوششیں رنگ لائیں
مرکزی وزیر نے ویکسین کی تیاری میں حصہ لینے والے سائنسدانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی ماہ تک مسلسل تحقیق اور محنت کے بعد یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے سائنسدانوں کی لگن اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جانوروں میں پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے ملک میں ویکسینیشن کے شعبہ میں بھی نمایاں پیش رفت ہورہی ہے۔