حیدرآباد

حیدرآباد میں تقاریب کے انعقاد کیلئے نئے قواعد نافذ، تین دن پہلے اطلاع دینا لازمی

100 سے زائد افراد کی شرکت والی تقریبات کے منتظمین کو تین ورکنگ ڈیز پہلے سی پی سی بی پورٹل پر اطلاع دینی ہوگی، بلک ویسٹ جنریٹرس کے لیے بھی نئے قواعد جاری

حیدرآباد: سائبرآباد میونسپل کارپوریشن (سی ایم سی) کی حدود میں غیر لائسنس یافتہ مقامات پر 100 سے زائد افراد کی شرکت والی تقریبات منعقد کرنے والوں کے لیے اب کم از کم تین ورکنگ ڈیز پہلے اطلاع دینا لازمی ہوگا۔ منتظمین کو یہ اطلاع مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے ایونٹ انٹیمیشن پورٹل کے ذریعہ آن لائن درج کرانی ہوگی۔

میونسپل حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اندراج کسی قسم کی اجازت حاصل کرنے کی درخواست نہیں ہے اور نہ ہی اس کے لیے کوئی نئی فیس یا جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد تقریبات کے دوران پیدا ہونے والے کچرے کی بروقت وصولی اور مناسب تلفی کے لیے میونسپل عملہ کو پہلے سے تیار رکھنا ہے۔ تاہم، بلک ویسٹ جنریٹرس (بی ڈبلیو جیز) کے لیے پہلے سے نافذ 2.90 روپے فی کلو کچرا وصولی چارج برقرار رہے گا۔

سی ایم سی کمشنر جی سریجنا نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز کے ضابطہ کے تحت ان ہدایات پر عمل درآمد کی ذمہ داری ڈپٹی میونسپل کمشنرس کو سونپی ہے۔ انہیں فنکشن ہالس، ایونٹ منیجرس اور دیگر متعلقہ افراد میں ان قواعد کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ منتظمین کو کچرے کی مقام پر ہی علیحدہ علیحدہ درجہ بندی کرنے اور اس کی مناسب منتقلی و تلفی کو یقینی بنانا ہوگا۔ صفائی کے عہدیدار منتظمین کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے عمل درآمد کی نگرانی کریں گے۔

دوسری جانب، سی ایم سی نے بلک ویسٹ جنریٹرس کے لیے بھی سی پی سی بی پورٹل پر رجسٹریشن اور سالانہ تفصیلات داخل کرنا لازمی قرار دیا ہے۔ یہ ضابطے یکم اپریل سے نافذ ہونے والے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز 2026 کے تحت لاگو ہوں گے۔

حکام کے مطابق 20 ہزار مربع میٹر یا اس سے زیادہ رقبے والی رہائشی سوسائٹیز، ادارے اور تجارتی عمارتیں، روزانہ کم از کم 40 ہزار لیٹر پانی استعمال کرنے والے ادارے یا روزانہ 100 کلوگرام یا اس سے زیادہ کچرا پیدا کرنے والے ادارے بلک ویسٹ جنریٹرس کے زمرے میں آئیں گے۔

ایسے اداروں کو کچرے کو چار زمروں، یعنی گیلا، خشک، صفائی سے متعلق اور خصوصی احتیاط کے متقاضی کچرے میں تقسیم کرنا ہوگا۔ گیلے کچرے کو عمارت یا احاطے میں ہی کمپوسٹنگ یا بایو گیس کے ذریعہ ٹھکانے لگانا ہوگا، جبکہ دیگر اقسام کا کچرا سی ایم سی کے مجاز وصول کنندگان کے حوالے کرنا ہوگا۔

بلک ویسٹ جنریٹرس کو ہر سال 30 جون تک سالانہ رپورٹ بھی داخل کرنے ہوں گے۔ قواعد کی خلاف ورزی پر ماحولیاتی معاوضہ اور جرمانے عائد کیے جاسکتے ہیں۔