تلنگانہ میں ایس ایس سی سرٹیفکیٹ کی تصحیح اب می سیوا سے ہوگی۔ پڑھیں تفصیلات
تلنگانہ حکومت نے ایس ایس سی کے اصل سرٹیفکیٹس میں نام، والدین کے نام اور تاریخ پیدائش کی تصحیح کا طریقہ کار تبدیل کردیا ہے۔ اب طلبہ کو می سیوا مراکز کے ذریعے آن لائن درخواست دینا ہوگی، جبکہ آف لائن درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں ایس ایس سی (دسویں جماعت) کے اصل سرٹیفکیٹس میں نام، والدین کے نام یا تاریخ پیدائش جیسی تفصیلات کی تصحیح کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم تبدیلی کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے سرٹیفکیٹس میں اصلاحات کے لیے رائج روایتی آف لائن درخواستوں کا طریقہ ختم کرتے ہوئے پورے عمل کو می سیوا (MeeSeva) پورٹل کے ذریعے آن لائن کردیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ای نوین نکولس نے حال ہی میں جاری کردہ احکامات میں واضح کیا کہ ایس ایس سی کے اصل سرٹیفکیٹس میں تفصیلات کی تصحیح سے متعلق درخواستوں کی وصولی اور یکسوئی اب می سیوا پورٹل کے ذریعہ ہی انجام دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں، اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کو ہدایت دی کہ وہ سرٹیفکیٹس میں تصحیح کے لیے کوئی بھی دستی یا فزیکل درخواست قبول نہ کریں اور نہ ہی ایسی درخواستیں محکمہ کو روانہ کریں۔
اس سے قبل طلبہ کو اپنے ایس ایس سی میمو میں نام، والدین کے نام یا تاریخ پیدائش کی تصحیح کے لیے آف لائن درخواست داخل کرنی پڑتی تھی اور مقررہ فیس بینک چالان کے ذریعے ادا کرنا ہوتی تھی۔ نئے طریقہ کار کے تحت درخواست گزار کو می سیوا مرکز پہنچ کر آن لائن درخواست جمع کرانی ہوگی۔
درخواست جمع ہونے کے بعد اسے متعلقہ اسکول روانہ کیا جائے گا جہاں سے طالب علم نے دسویں جماعت کی تعلیم حاصل کی تھی۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر یا پرنسپل، آئی ایس ایم ایس (ISMS) پورٹل پر طلبہ کے معلوماتی نظام میں درخواست کا جائزہ لیں گے۔ اس دوران ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے ساتھ درخواست پر اپنی رائے اور سفارشات بھی پیش کریں گے۔
بعد ازاں درخواست منڈل ایجوکیشن آفیسر (ایم ای او) کے پاس پہنچے گی، جہاں اسے منظور یا مسترد کیا جاسکے گا۔ ایم ای او کی منظوری کے بعد درخواست ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) کو روانہ کی جائے گی۔ وہاں متعلقہ کلرک، سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر کی جانب سے جانچ کے بعد اسے حتمی منظوری کے لیے ڈی ای او کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ڈی ای او کی منظوری ملنے کے بعد درخواست ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن کو بھیجی جائے گی۔ یہاں سے منظوری حاصل ہونے پر اسے ڈائرکٹوریٹ آف گورنمنٹ ایگزامینیشنز کو روانہ کیا جائے گا۔ تمام مراحل کی تکمیل اور آخری منظوری کے بعد تصحیح شدہ ایس ایس سی میمو آن لائن اپ لوڈ کردیا جائے گا۔
احکامات کے مطابق اگر کسی بھی مرحلے پر درخواست مسترد کی جاتی ہے تو متعلقہ عہدیداروں کے لیے مسترد کرنے کی وجوہات بتانا لازمی ہوگا۔ اس تبدیلی کے بعد طلبہ کو ایس ایس سی سرٹیفکیٹ میں اصلاحات کے لیے دستی درخواستوں اور روایتی دفتری کارروائیوں کے بجائے ڈیجیٹل طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔