کانگریس اور بی جے پی کے گمراہ کن وعدوں کے جھانسہ میں نہ آئیں۔ کے سی آر
چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے آج جنگاؤں ضلع میں پارٹی کے دوسرے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی جنگاؤں کے عوام کو خبردار کیا کہ وہ کانگرس اور بی جے پی کے گمراہ کن وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ نہ کھائیں۔

جنگاؤں: چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے آج جنگاؤں ضلع میں پارٹی کے دوسرے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی جنگاؤں کے عوام کو خبردار کیا کہ وہ کانگرس اور بی جے پی کے گمراہ کن وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ نہ کھائیں۔
انہوں نے بی آر ایس حکومت بنتے ہی مارچ کے مہینے میں چیریال کو ریونیو ڈیویژن بنانے کااعلان کیا اور کہاکہ انتخابات میں عوام کو کافی سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کے حق سے استفادہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کانگرس کا نام لیتے ہوئے کہا کہ کانگرس بھی عوام کے درمیان پہنچ کر ایک موقع دینے کی درخواست کرے گی ان پر ہرگز بھروسہ نہ کریں کیونکہ کانگریس کو ایک نہیں اب تک 10 مرتبہ موقع دیا گیا تھا لیکن اس نے اپنے دور حکومت میں ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ کام نہیں کیا۔
البتہ ریاست کو اندھیرے میں دھکیل دیا۔ چیف منسٹر نے دوپہر میں حلقہ اسمبلی جنگاؤں میں دوسرے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس حکومت اب تک دو مرتبہ عوام سے جو وعدے کیے تھے اور انتخابی منشور میں جو وعدے پیش کیے گئے تھے ان میں صد فیصد وعدوں کو پورا کیا اور کئی ایسی فلاحی اسکیمات بھی شروع کی ہیں جس کا منشور میں کوئی وعدہ نہیں کیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ عوام کو باشعور ہو کر ووٹ کے حق سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام گزشتہ نو سال کے دوران ریاست میں ہوئی ترقی اور عوامی بہبود کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پیش رو حکومتوں کے کاموں کا بھی جائزہ لیں اور اس کے بعد اپنے ووٹ کے حق کااستفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نو سال قبل ریاست میں برقی اور پانی کی شدید قلت تھی ان کی حکومت نے چند مہینوں میں ہی برقی بحران پر قابو پا لیا گیا دریاؤں کے پانی سے استفادہ کرتے ہوئے بڑے بڑے پراجیکٹ تعمیر کے گئے جس سے آبپاشی اور پینے کے پانی کا مسئلے کو حل کیا گیا چیف منسٹر نے کہا کہ آج ریاست ہر شعبے میں نمبر ون مقام پر ہے۔
صنعتی ترقی میں ملک کی کوئی بھی ریاست تلنگانہ کے مقابلے میں نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح بہبود کے کاموں کو جاری رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ نشستوں پر بی ار ایس امیدواروں کو کامیابی دلانا ضروری ہے۔ بی آر ایس کو 95 سے 105 نشتوں پر کامیابی ملنے کے امکانات ہیں۔
چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقے میں ائندہ چھ ماہ کے اندر ایک لاکھ ایکڑ سے زیاد اراضیات کو سیراب کیا جائے گا۔ اہل خواتین کو 400 روپے میں گیس سلنڈر‘ آسرا وظائف کی رقم میں مرحلہ وارپانچ ہزار روپے تک اضافہ معذورین کے وظیفے میں مرحلہ وار 6 ہزار روپے تک کا اضافہ‘ خواتین کے لیے سو بھاگیا لکشمی اسکیم کے تحت تین ہزار روپیہ الاؤنس اروگیہ شری کی حد پانچ لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کا وعدہ کیاگیا۔ اقلیتی بہبود کی رقم میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مسلسل تیسری میعاد کے لیے برسر اقتدار انے پر تمام اہل خاندانوں کے لیے امکنہ کے وعدے کی یاد دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لیے قدیم پنشن اسکیم کو بحال کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ اس کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر حکومت فیصلہ لے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس دورحکومت میں ابتک ایک بھی فساد نہیں ہوا لیکن کانگریس دور حکومت میں کئی فسادات ہوئے۔
بی آر ایس حکومت میں سب گنگا جمنی تہذیب کی طرح مل جل کر رہ رہے ہیں۔حکومت اقلیتی اقامتی تعلیم کو ترجیح دے رہی ہے۔اس کے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں انے والے دنوں میں مزید اقامتی اسکول قائم کیے جائیں گے۔اعلی ذات کے غریبوں کے لیے ہر اسمبلی حلقے میں ایک اقامتی اسکول قائم کیا جائے گا۔ کے سی آر نے کہاکہ اس طرح اقلیتوں کے فلاح وبہبود کے کاموں کو مزید وسعت دی جانے گی۔
انہوں نے کہا کہ یتیموں کے لیے خصوصی پالیسی مدون کی جایگی۔.اس جلسہ سے وزیر ایر بلی دیاکر راؤ جنگاؤں اسمبلی حلقہ کے بی ار ایس امیدوار پلا راجیشوار ریڈی متی ریڈی یادگیر ریڈی اور پونا لکشمیا نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں کانگریس کے سابق قائد پونا لکشمیا نے اپنے کئی حامیوں کے ساتھ بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر نے گلابی کھنڈوا پہنا کر انہیں پارٹی میں شامل کیا۔