حیدرآباد

شبِ معراج کے موقع پر ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کی کتاب ’’مقدس راتیں‘‘ کی رسمِ اجراء

انہوں نے کہا کہ یہ کتاب بالخصوص نئی نسل کو عبادت، اخلاق، امن و سلامتی اور قانون پسندی کی قدروں سے روشناس کرانے کی ایک علمی و فکری کوشش ہے۔ ان کے مطابق مقدس راتیں صرف نوافل اور دعاؤں تک محدود نہیں بلکہ یہ انسان کے کردار کی اصلاح، معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کا پیغام بھی دیتی ہیں۔

حیدرآباد: شبِ معراج کے بابرکت موقع پر تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز، نامپلی کے خطیب و امام مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کی تصنیف ’’مقدس راتیں‘‘ کی رسمِ اجراء عمل میں آئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں بعض راتیں ایسی ہیں جو اللہ تعالیٰ کی خاص قربت، روحانی انعامات اور بندگی کے اعلیٰ مواقع لے کر آتی ہیں، جن میں شبِ معراج کو اولین مقام حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

مولانا قادری نے اپنے خطاب میں بتایا کہ شبِ معراج وہ عظیم رات ہے جس میں رسولِ اکرم ﷺ کو اللہ تعالیٰ کی خصوصی قربت اور بے مثال نشانیاں عطا ہوئیں، اور امتِ مسلمہ کو نماز جیسی عظیم نعمت نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انہی مقدس راتوں کی فضیلت، اہمیت اور اعمال کو عام کرنے کے مقصد سے کتاب ’’مقدس راتیں‘‘ تصنیف کی گئی ہے، جس میں شبِ معراج، شبِ برات اور شبِ قدر کے فضائل و اعمال کو سادہ، مدلل اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کتاب بالخصوص نئی نسل کو عبادت، اخلاق، امن و سلامتی اور قانون پسندی کی قدروں سے روشناس کرانے کی ایک علمی و فکری کوشش ہے۔ ان کے مطابق مقدس راتیں صرف نوافل اور دعاؤں تک محدود نہیں بلکہ یہ انسان کے کردار کی اصلاح، معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کا پیغام بھی دیتی ہیں۔

مولانا قادری نے والدین، اساتذہ اور مذہبی ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ بچوں اور نوجوانوں کو ان بابرکت راتوں کی روحانی اہمیت سمجھائیں، مساجد میں خشوع و خضوع کے ساتھ عبادت کی ترغیب دیں اور عبادت کے بعد پُرامن انداز میں گھروں کو لوٹنے کی تلقین کریں تاکہ اسوۂ اسلام کا عملی نمونہ پیش کیا جا سکے۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان مقدس راتوں کے صدقے ملک و ریاست بالخصوص شہرِ حیدرآباد کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے اور تمام اہلِ ایمان کو ان بابرکت لمحات سے بھرپور استفادہ کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔