ڈاکٹر مہدی کا محکمہ ثقافتی ورثہ و آثار قدیمہ تلنگانہ کا دورہ، مخطوطات کے تحفظ کے لیے ایران سے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ
15 اکتوبر 2024 کو ڈاکٹر مہدی کھجپیری، ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر، نے محکمہ ثقافتی ورثہ و آثار قدیمہ، حکومت تلنگانہ کا دورہ کیا۔

حیدرآباد: 15 اکتوبر 2024 کو ڈاکٹر مہدی کھجپیری، ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر، نے محکمہ ثقافتی ورثہ و آثار قدیمہ، حکومت تلنگانہ کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد فارسی، اردو، عربی، سنسکرت اور دیگر زبانوں میں دستیاب نایاب مخطوطات اور دستاویزات کی ڈیجیٹلائزیشن، مرمت اور تحفظ کے کام کا جائزہ لینا تھا۔
نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر، ایران کلچر ہاؤس – نئی دہلی اور محکمہ ہیریٹیج حکومت تلنگانہ کے درمیان اپریل 2024 میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت مئی 2024 میں ان نایاب تاریخی مواد کے تحفظ اور مرمت کا کام شروع کیا گیا۔ اب تک 500 سے زائد مخطوطات اور کتابوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور مرمت کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر مہدی کھجپیری نے ماہرین کی ٹیم کے ذریعہ کیے گئے کام کا معائنہ کیا اور ان نازک مخطوطات کے مزید بہتر تحفظ کے لیے مفید مشورے دیے۔ انہوں نے خاص طور پر اجنتا کی 3000 سے زیادہ پینٹنگز کی انتہائی خراب حالت کی طرف توجہ دلائی، جن کے لیے ایران سے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔