بلدی انتخابات سے قبل پھڈنویس اور راج ٹھاکرے کی ممبئی کی ہوٹل میں ملاقات
بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے آنے والے انتخابات سے پہلے 2 ناراض بھائیوں اُدھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے درمیان اتحاد کی اطلاعات کے بیچ چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے جمعرات کے روز مہاراشٹرا نونرمان سینا(ایم این ایس) کے سربراہ سے ملاقات کی۔

ممبئی (آئی اے این ایس) بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے آنے والے انتخابات سے پہلے 2 ناراض بھائیوں اُدھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کے درمیان اتحاد کی اطلاعات کے بیچ چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس نے جمعرات کے روز مہاراشٹرا نونرمان سینا(ایم این ایس) کے سربراہ سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات زائداز 45 منٹ تک جاری رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد مقامی اور بلدی انتخابات میں اتحادی شراکت دار کے طورپر مقابلہ کرنے ایم این ایس کو مہایوتی میں شامل کرنا تھا۔ ان دونوں کی ملاقات نے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی ہے۔
ملاقات کی تفصیلات کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا تاہم ریاستی بی جے پی ذرائع نے اس بات کی توثیق کی کہ چیف منسٹر پھڈنویس اور راج ٹھاکرے نے شہر کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ملاقات کی تاہم انہوں نے اس ملاقات کے نتیجہ پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
بہرحال ایم این ایس نے ابھی تک اس کی توثیق نہیں کی۔ شیوسینا(یو بی ٹی) اور ایم این ایس میں اتحاد کے حامیوں کو اس بات کی خبر ہی نہیں ہوسکی کہ چیف منسٹر پھڈنویس‘ راج ٹھاکرے سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ اتفاقاً پھڈنویس کے راج ٹھاکرے کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
علاوہ ازیں شیوسینا کے صدر اور ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کے بھی ایم این ایس سربراہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر دونوں ہی یہ چاہتے ہیں کہ راج ٹھاکرے مہایوتی کا حصہ بن جائیں تاکہ اُدھو ٹھاکرے کی زیرقیادت شیوسینا (یوبی ٹی) اور مجموعی طورپر مہاوکاس اگھاڑی کو بی ایم سی انتخابات میں ٹکر دے سکیں۔ اس کے علاوہ راج ٹھاکرے کو اپنی صفوں میں شامل کرتے ہوئے مہایوتی اپنی شاندار کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہے۔