حیدرآباد

گنیش مورتی بے قابو ہوکر سڑک پر گر پڑی، بائیکس کو نقصان (ویڈیو)

حیدرآباد کے حمایت نگر علاقہ میں پیش آئے ایک غیر متوقع واقعہ نے راہگیروں اور مقامی عوام کو حیران کردیا۔ اطلاعات کے مطابق حمایت نگر کی اسٹریٹ نمبر 5 پر ایک گنیش مورتی منتقلی کے دوران سڑک پر گر گئی۔

حیدرآباد: حیدرآباد کے حمایت نگر علاقہ میں پیش آئے ایک غیر متوقع واقعہ نے راہگیروں اور مقامی عوام کو حیران کردیا۔ اطلاعات کے مطابق حمایت نگر کی اسٹریٹ نمبر 5 پر ایک گنیش مورتی منتقلی کے دوران سڑک پر گر گئی۔ اس واقعہ میں کئی موٹرسائیکلز کو نقصان پہنچا اور ٹریفک کی آمد و رفت میں بھی رکاوٹ پیدا ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق مورتی کے گرنے کے سبب علاقہ میں کچھ دیر کے لئے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ گرنے سے بائیکس کو شدید نقصان ہوا تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جی ایچ ایم سی (بلدیہ عظیم تر حیدرآباد) کے عملہ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ عملہ نے کرین کی مدد سے مورتی کو سڑک سے ہٹایا اور ٹریفک کی آمد و درفت کو بحال کیا۔ اس دوران مقامی پولیس نے بھی ٹریفک کی نگرانی کرتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی۔

مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بڑے مجسموں کی منتقلی یا تنصیب کے دوران حفاظت کے تمام اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثہ سے بچا جا سکے۔