بھارت

اوڈیشہ میں مال گاڑی کے ویگنوں کی زد میں آکر چار مزدور ہلاک

اگرچہ ان ویگنوں سے انجن جڑا ہوا نہیں تھا، تاہم زبردست آندھی اور انتہائی تیز ہواؤں کے باعث ویگنوں نے حرکت کی جن کی زد میں آکر یہ مزدور شدید زخمی ہوگئے۔

بھونیشور: اڈیشہ میں پیش آئے ہولناک ٹرین حادثہ کے چند دن بعد آج ریاست کے جاج پور-کیونجر روڈ اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی کے ویگنوں کی زد میں آکر چار مزدوروں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر چار شدید زخمی ہو گئے۔ حکام نے یہ بات بتائی۔

متعلقہ خبریں
ٹرین کی زد میں آکر جنگلی ہاتھی کی موت

بتایا گیا ہے کہ ریلوے کاموں کے لئے کنٹراکٹ پر مزدوری کرنے والے مزدوروں نے جاج پور-کیونجر روڈ اسٹیشن کے قریب طوفان باد و باراں اور بارش سے بچنے مال گاڑی کے ویگنوں کے نیچے پناہ لی تھی۔ اگرچہ ان ویگنوں سے انجن جڑا ہوا نہیں تھا، تاہم زبردست آندھی اور انتہائی تیز ہواؤں کے باعث ویگنوں نے حرکت کی جن کی زد میں آکر یہ مزدور شدید زخمی ہوگئے۔

ایسٹ کوسٹ ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر بسواجیت ساہو نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ شدید زخمی مزدوروں کو فوری طور پر دواخانہ منتقل کیا گیا تاہم اس دوران چار کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگر چار شدید زخمی ہیں جن کا علاج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مال گاڑی کے ویگن ریلوے ٹریکس کی دیکھ بھال سے متعلق سامان سے لدے ہوئے تھے۔ اگرچہ مال گاڑی کے ساتھ انجن موجود نہیں تھا، تاہم زبردست آندھی کے باعث ان ویگنوں نے حرکت کی جس کی زد میں مزدور آگئے جو بارش اور تیز ہواؤں سے پناہ لینے کی خاطر ان کے نیچے گھس گئے تھے۔

جیسے ہی ویگنوں نے حرکت کی، مزدوروں نے بھی باہر نکلنے کی کوشش کی تاہم وہ ویگنوں کے پہئیوں کی زد میں آنے سے محفوظ نہ رہ سکے۔

یاد رہے کہ 2 جون کو اڈیشہ کے بالاسور ضلع کے بہناگا بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب چینائی جانے والی کورومنڈل ایکسپریس، ہوڑہ جانے والی سوپر فاسٹ ایکسپریس اور ایک مال گاڑی کے ایک بڑے حادثے میں کم از کم 288 لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور 1100 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔

a3w
a3w