حیدرآباد

حیدرآباد: ای ایف گارڈن کو ریونیو حکام نے اپنے قبضہ میں لے لیا

ذرائع کے مطابق، مذکورہ اراضی سرکاری ملکیت کی ہے لیکن اس پر غیر قانونی طور پر فنکشن ہال چلایا جارہا تھا۔ اس معاملہ میں پہلے ہی مقدمہ درج ہوا تھا اور معاملہ کئی برسوں سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت تھا

حیدرآباد: شہر کے حمایت نگر علاقہ میں واقع ای ایف گارڈن فنکشن ہال کو ریونیو حکام نے پولیس کی سخت سیکوریٹی کے درمیان جمعرات کے روز اپنی تحویل میں لے لیا۔ یہ فنکشن ہال حیدرگُوڑہ کے اپولو اسپتال کے سامنے واقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، مذکورہ اراضی سرکاری ملکیت کی ہے لیکن اس پر غیر قانونی طور پر فنکشن ہال چلایا جارہا تھا۔ اس معاملہ میں پہلے ہی مقدمہ درج ہوا تھا اور معاملہ کئی برسوں سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت تھا۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے یہ اراضی حکومت کی ملکیت قرار دی۔

عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کے مطابق، حمایت نگر ایم آر او (منڈل ریونیو آفیسر) کی قیادت میں ریونیو حکام نے پولیس فورس کی موجودگی میں کارروائی کرتے ہوئے فنکشن ہال کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔

اس موقع پر مجلس اتحادالمسلمین کے مقامی قائدین نے حکام کے اس اقدام پر اعتراض کیا تاہم، پولیس فورس نے صورتِ حال کو قابو میں کرلیا اور ریونیو عملے نے اپنی کارروائی مکمل کی۔