مذہب

معمر خواتین کا محرم کے بغیر سفر حج وعمرہ

جو عورتیں کافی عمر رسیدہ ہیں، وہ کیا محرم کے بغیر سفر کرسکتی ہیں ، جب کہ ان کے ساتھ دیگر خواتین بھی ہوں۔

سوال:- جو عورتیں کافی عمر رسیدہ ہیں، وہ کیا محرم کے بغیر سفر کرسکتی ہیں ، جب کہ ان کے ساتھ دیگر خواتین بھی ہوں۔ (کلیم الدین، حیدر گوڑہ)

جواب:- اصل تو یہی ہے کہ عورت کو محرم کے بغیر حج کا سفر بھی نہیں کرنا چاہئے ؛ کیوںکہ خود رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے کہ کوئی عورت محرم کے بغیر سفر حج نہیں کرے ، حضرت عبد اللہ بن عباس سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ لا تحج امرأۃ ومعھا محرم‘‘ اس موقع پر ایک صاحب نے عرض کیا کہ میرا نام تو فلاں غزوہ کے لئے لکھ دیا گیا ہے اور میری بیوی حج کا ارادہ رکھتی ہے ،

آپ ﷺ نے فرمایا :تم گھر جاؤ اور بیوی کے ساتھ حج کرو ، محدثین نے اس روایت کو معتبر مانا ہے ، ( الدرایہ فی تخریج احادیث البدایہ : ۲؍۵)

اس میں سن رسیدہ اور جوان عورت کا فرق آپ ﷺ نے بیان نہیں فرمایا ؛ لیکن بعض اور روایات کی وجہ سے فقہاء کےدرمیان اختلاف ہوگیا ہے ، مالکیہ او رشوافع کے نزدیک اگر رفقاء مامون ہوں تو ان کے ساتھ عورت سفر حج پر جاسکتی ہے ۔ ( الفقہ الاسلامی وادلتہ: ۳؍۳۶)

فقہاء احناف کے نزدیک عمر دراز عورتوں کے لئے بغیر محرم کے دوسری عورتوں کے ساتھ سفر حج کی گنجائش معلوم ہوتی ہے ؛
أما العجوز التی لاتشتھی فلا بأس بمعا فحتھا ومس یدھا إذا آمن ومتی جاز المس جاز سفرہ بھا ویخلوا اذا أمن علیہ وعلیھا و إلا لا ۔ (ردالمحتار : ۵؍۳۶۲)

ہندوستان کے اکابر علماء میں علامہ انور شاہ کشمیریؒ کا بھی یہی رجحان ہے ؛ لہٰذا اگر سفر میں فتنہ کا اندیشہ نہ ہو اور کوئی معتمد غیر محرم ساتھ ہو تب بھی عورت سفر کرسکتی ہے :

ویجوز عندی مع غیر محرم أیضاً بشرط الاعتماد والأمن من الفتنۃ ۔ (فیض الباری : ۲؍۵۳۴ ، کتاب التقصیر الصلاۃ ، باب فی کم یقصر الصلاۃ ، ط : دارالکتب العلمیہ)

اسی طرح حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ نے بھی اس کی اجازت دی ہے ۔ ( امداد الفتاویٰ : ۴؍۲۰۱)

اس لئے عمومی طورپر اس کا معمول نہیں بنانا چاہئے ؛ لیکن اگر کوئی خاتون محرم کے حاصل نہ ہونے کی وجہ سے اس طرح سفر کرلے تو اس پر ملامت نہیں کرنی چاہئے ۔

ایسی عمر رسیدہ عورت جس میں شہوت ختم ہوگئی ہو، اس سے مصافحہ کرنا اور اس کے ہاتھ کو چھونے کی گنجائش ہے، اگر مرد اپنے آپ پر شہوت سے مامون پاتا ہو، اور جب مَس کرنا جائز ہے تو اس عورت کے ساتھ سفر کرنا بھی جائز ہوگا۔

a3w
a3w