لاکھوں ووٹروں کیلئے راحت کی خبر، الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ میں حلف نامہ
سپریم کورٹ میں داخل حلف نامے میں الیکشن کمیشن کی یقین دہانی، ایس آئی آر کے دوران خارج ہونے والے اہل ووٹروں کو دوبارہ نام شامل کرانے کی سہولت، آن لائن اور آف لائن درخواست دینے کا بھی انتظام۔
نئی دہلی (منصف نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ہفتہ 14 نومبر کو سپریم کورٹ میں ایک ضمنی حلف نامہ داخل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران جن اہل ووٹروں کے نام ”غائب، منتقل، فوت یا دوہرے اندراج“ کی بنیاد پر مسودہ ووٹر لسٹ سے خارج ہوگئے ہیں، انہیں دوبارہ شامل کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔
”دی ہندو“ کی رپورٹ کے مطابق کمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس ضرورت سے پوری طرح واقف ہے کہ ووٹ دینے کے اہل تمام افراد کے نام ووٹر لسٹ میں موجود ہونے چاہئیں۔لیکشن کمیشن کے مطابق 6 نومبر کو ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل افسران کو ہدایات جاری کی گئیں جہاں ایس آئی آر جاری ہے۔
ان ہدایات کے تحت ایسے ووٹروں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنے موجودہ معمول کے رہائشی پتے کی اطلاع دیتے ہوئے مکمل طور پر پُر کیا گیا اینومریشن فارم (ضمیمہ اے) الیکٹورل رجسٹریشن افسر (ای آر او) یا اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسر (اے ای آر او) کے پاس جمع کراسکیں۔حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ جو ووٹر اپنا مقام تبدیل نہیں کرچکے ہیں، وہ ضمیمہ اے کے ساتھ ضمیمہ بی میں یہ وضاحت بھی جمع کراسکتے ہیں کہ انہوں نے پہلے اینومریشن فارم کیوں نہیں بھرا تھا۔
یہ دستاویزات ای آر او، اے ای آر او یا بوتھ لیول افسر (بی ایل او) کے پاس خود یا خاندان کے کسی فرد کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ ای سی آئی نیٹ پر ای-سائن کے ذریعے آن لائن جمع کرانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ریاست کے اندر ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل ہونے والے اور مسودہ ووٹر لسٹ سے خارج پائے جانے والے ووٹروں کے لیے فارم 8 جمع کرانا ضروری نہیں ہوگا۔
کمیشن کے مطابق ایسے ووٹر نئے حلقے کے ای آر او یا اے ای آر او کے پاس ضمیمہ اے کے ساتھ ضمیمہ سی جمع کراسکتے ہیں، جس میں نیا پتہ اور اسمبلی حلقہ درج ہوگا۔ اس کے ساتھ پتے کا ثبوت بھی دینا ہوگا۔ وہ ”بی ایل او کے ساتھ کال بک کریں“ کی سہولت سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ بوتھ کی سطح پر ان ووٹروں کی فہرستیں دوبارہ آویزاں کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جن کے نام ”غائب، منتقل، فوت یا دوہری اندراج“ (اے ایس ڈی ڈی) کے زمرے میں ڈالے گئے ہیں۔
ان فہرستوں کے ساتھ نام شامل نہ ہونے کی ممکنہ وجوہات بھی درج کی جائیں گی۔حلف نامے میں وضاحت کی گئی کہ ایسے ووٹروں کی جانب سے جمع کرائے گئے اینومریشن فارم پر الیکٹورل رجسٹریشن افسران الیکٹورل رولز 1960 کے ضابطہ 21(1) کے تحت کارروائی کریں گے۔ اس ضابطے کے تحت ووٹر لسٹ سے اتفاقی طور پر خارج ہونے والے نام دوبارہ شامل کیے جاسکتے ہیں اور متعلقہ ووٹر کو اس کا سابقہ ای پی آئی سی نمبر ہی دوبارہ الاٹ کیا جائے گا۔
کمیشن نے یہ بھی کہا کہ جن پہلے سے رجسٹرڈ ووٹروں کے نام مسودہ فہرست سے خارج ہوگئے تھے، لیکن وہ فارم 6 (نئے ووٹروں کے اندراج کی درخواست) پہلے ہی جمع کراچکے ہیں، انہیں دوبارہ اینومریشن فارم دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کی درخواستوں پر 3 نومبر کو جاری وضاحت کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس کے تحت ووٹر لسٹ میں دوبارہ شمولیت کے لیے انہیں کسی مجرمانہ کارروائی کا اندیشہ نہیں ہوگا۔
سپریم کورٹ میں درخواست گزار سماجی کارکن انجلی بھاردواج کی جانب سے وکلا پرشانت بھوشن اور نیہا راٹھی، جبکہ شیلندر منی ترپاٹھی کی جانب سے وکیل چند قریشی نے یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مسودہ ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے پہلے سے رجسٹرڈ ووٹروں کو دوبارہ نام شامل کرانے کیلئے فارم 6 جمع کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، حالانکہ یہ فارم صرف نئے ووٹروں کے اندراج کے لیے ہے۔