موٹر سائیکلوں کی دکان سے اٹھی آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا،11 جانیں گئیں
جنوبی تھائی لینڈ کے سیاحتی شہر پھوکیت میں ایک عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے قریب واقع برقی ٹرانسفارمر پھٹنے کے بعد آگ بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بینکاک (اے پی) جنوبی تھائی لینڈ کی ایک عمارت میں پیر کی صبح آگ بھڑک اٹھی۔ 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ پھوکیت کی ایک عمارت میں آگ کل رات 2 بجے کے آس پاس شروع ہوگئی۔
اس عمارت کی زیریں منزل (گراؤنڈ فلور) میں موٹر سائیکلیں کرایہ پر دینے کی دکان ہے جبکہ اوپری منزلوں میں فلیٹس بنے ہوئے ہیں۔ فائر فائٹرس کو آگ پر قابو پانے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگا۔
17 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔ پھوکیت کے پولیس کمانڈر نے بتایا کہ آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ عمارت کے قریب واقع ایک برقی ٹرانسفارمر پھٹ پڑا تھا۔ رینٹل شاپ میں تقریبا 100 موٹر سائیکلیں رکھی ہوئی تھیں۔ گیاس، انجن آئیل، پلاسٹک کی اشیاء اور پہیے بھی موجود تھے۔
ان اشیاء کی موجودگی سے ایسا لگتا ہے کہ آگ تیزی سے پھیلی اور دھویں میں زہر گھل گیا۔ اوپر کی منزلوں میں رہنے والوں نے بچ نکلنے کی کوشش کی۔ ایک نعش تیسری منزل اور 10 نعشیں 5 ویں منزل پر پائی گئیں۔ پھوکیت جنوبی تھائی لینڈ کے ایک جزیرہ کا شہر ہے اور یہ سیاحوں کی پسندیدہ منزل ہے۔