مودی حکومت کو ’’وِکست بھارت‘‘ سے متعلق واٹس ایپ پیغامات کی ترسیل بند کرنے الیکشن کمیشن کی ہدایت
الیکشن کمیشن نے مودی حکومت کی وزارت الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کو ہدایت دی ہے کہ وہ مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی مدت کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم واٹس ایپ پر "وکست بھارت" سے متعلق پیغامات کی ترسیل کو فوری طور پر بند کردے۔
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے مودی حکومت کی وزارت الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کو ہدایت دی ہے کہ وہ مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی مدت کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم واٹس ایپ پر "وکست بھارت” سے متعلق پیغامات کی ترسیل کو فوری طور پر بند کردے۔
الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت نے ایک خط میں یہ بتلایا ہے کہ "واٹس پیغامات’ 15 مارچ کو بھیجے گئے تھے یعنی مثالی ضابطہ اخلاق کے نافذ ہونے سے پہلے بھیجے گئے تھے۔
اس خط میں بتایا گیا تھا کہ اگرچہ پیغامات ایم سی سی کی مدت نفاذ سے پہلے بھیجے گئے تھے، لیکن سسٹم کے اسٹرکچر اور نیٹ ورک کے دائرہ کار کی وجہ سے کچھ پیغامات کی ترسیل میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت کولکھے گئے حط میں کہا ہے کہ "الیکشن کمیشن کو مختلف حلقوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ شہریوں کے فون پر اس طرح کے پیغامات اب بھی بھیجے جا رہے ہیں۔ چونکہ مثالی ضابطہ اخلاق اب نافذ ہے، اس لیے آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ فوری طور پر یہ یقینی بنائیں کہ ایم سی سی کی مدت نفاذ کے دوران ‘واٹس ایپ پیغامات’ کی مزید ترسیل نہ ہو”۔
انتخابی کمیشن نے متعلقہ وزارت کواس سلسلے میں تعمیل رپورٹ بھی فوری طور پر بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔