الیکشن کمیشن، پسماندہ ووٹرس کے نام کاٹ رہا ہے: اکھلیش یادو
سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کے دن الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن پسماندہ برادریوں کے رائے دہندوں کے نام کاٹ رہا ہے اور برسراقتدار بی جے پی کے حق میں کام کررہا ہے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کے دن الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن پسماندہ برادریوں کے رائے دہندوں کے نام کاٹ رہا ہے اور برسراقتدار بی جے پی کے حق میں کام کررہا ہے۔
پارلیمنٹ کامپلکس میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے الزام عائد کیاکہ کئی پسماندہ گروپس بشمول موریا‘ پال‘ بھگیل اور راٹھوڑ برادریوں کے رائے دہندوں کے نام کاٹے جارہے ہیں تاکہ بی جے پی کو فائدہ ہو۔ اترپردیش کے سابق چیف منسٹر نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ ان لوگوں کے نام ہٹائے جارہے ہیں۔
سماج وادی پارٹی پہلے بھی یہ مسئلہ اٹھاچکی ہے لیکن یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پسماندہ طبقات کے ووٹ دانستہ کاٹے جارہے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ یہ ووٹ کہیں اور درج ہیں۔ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی نے ان حلقوں کی نشاندہی کی ہے جہاں وہ معمولی اکثریت سے ہاری تھی۔
ان حلقوں میں ووٹ کاٹنے کا اہم رول رہا۔ سابق چیف منسٹر نے خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے ایک کیس کا حوالہ دیا اور کہا کہ بی جے پی کی ایک خاتون رکن اسمبلی نے اپنے بوتھ میں 400 فیک ووٹ بنائے تھے۔ بی جے پی کو ان میں 200 سے زائد کٹوانے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا ویریفکیشن سیاسی جماعتیں کررہی ہیں‘ الیکشن کمیشن یہ کام کیوں نہیں کررہا ہے؟۔