این آئی اے نے حریت کانفرنس کا دفتر قرق کرلیا
نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے دہشت گرد فنڈنگ کیس میں دہلی کی ایک عدالت کے حکم پراتوار کے دن سری نگر کے راج باغ علاقہ میں علٰحدگی پسند حریت کانفرنس کا دفترقرق کرلیا۔
سری نگر: نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے دہشت گرد فنڈنگ کیس میں دہلی کی ایک عدالت کے حکم پراتوار کے دن سری نگر کے راج باغ علاقہ میں علٰحدگی پسند حریت کانفرنس کا دفترقرق کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم حریت دفتر پہنچی اور اس نے عمارت کی بیرونی دیوار پر قرقی کی نوٹس چسپاں کردی۔ نوٹس میں لکھا ہے کہ راج باغ میں جس عمارت میں حریت کا دفتر ہے وہ نعیم احمد خان کی مشترکہ ملکیت ہے جسے فی الحال مقدمہ کا سامنا ہے۔
اسپیشل این آئی اے کورٹ پٹیالہ ہاؤز نئی دہلی کے حکم مورخہ 27جنوری2023 پر اسے قرق کرلیاگیا ہے۔ 1993میں قائم ہونے والی حریت کانفرنس 26 علٰحدگی پسند تنظیموں کا وفاق ہے۔
اس کا دفتر اگست2019ء سے بند پڑا ہے۔ میرواعظ عمرفاروق کی حریت کانفرنس نے کہا کہ دفتر کی قرقی عوام کی اس خواہش کو ختم نہیں کرے گی کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالاجاناچاہئیے۔
حریت نے اپنے بیان میں کہاکہ جو لوگ جموں وکشمیر کے کمانڈ اور کنٹرول میں ہیں انہیں یہ بات جان لینی چاہئیے۔ کشمیری عوام مسئلہ کی پرامن یکسوئی پر زوردیتے رہیں گے۔ حریت نے جیل میں بند اپنے قائدین اور کارکنوں کی رہائی کا پھر مطالبہ کیا۔