الیکشن کمیشن نے بغیر سماعت 54 لاکھ ’اصل ووٹروں‘ کے نام فہرست سے خارج کیے: ممتا بنرجی کا الزام
ریاستی سیکریٹریٹ نبانّا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ کارروائی یکطرفہ طور پر کی گئی اور یہ جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روز الیکشن کمیشن آف انڈیا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے دوران 54 لاکھ اصل ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کر دیے گئے، جبکہ انہیں نہ تو اس کی وجوہات بتائی گئیں اور نہ ہی اپنا دفاع کرنے کا موقع دیا گیا۔
ریاستی سیکریٹریٹ نبانّا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ کارروائی یکطرفہ طور پر کی گئی اور یہ جمہوریت پر براہِ راست حملہ ہے۔
ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے دہلی میں بیٹھ کر الیکٹورل رجسٹریشن افسران (EROs) کے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر نام حذف کروائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل میں بی جے پی سے وابستہ مبینہ اے آئی ٹولز استعمال کیے گئے، جن کے ذریعے ’’لاجیکل ڈسکریپنسی‘‘ کے نام پر ناموں کو مشکوک قرار دیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شادی کے بعد نام تبدیل کرنے والی خواتین کے نام فہرست سے نکال دیے گئے، جبکہ کئی ایسے ووٹروں کو بھی فوت شدہ قرار دے دیا گیا جو دراصل زندہ ہیں۔ ممتا بنرجی کے مطابق کئی معاملات میں EROs کو خود بھی معلوم نہیں تھا کہ ان کے نام پر ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ ووٹروں کو نہ تو حذف کیے جانے کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی انہیں سماعت کا موقع ملا، جو ان کے بنیادی جمہوری حق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر گنیش کمار کو اب تک پانچ خطوط لکھ چکی ہیں، جن میں ڈیجیٹل غلطیوں، بے ضابطگیوں اور عوام کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ کے تحت آئندہ مرحلے میں مزید ایک کروڑ ووٹروں کے نام خارج کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق 1.36 کروڑ ووٹروں کو ’’لاجیکل ڈسکریپنسی‘‘ کے نام پر سماعت کے لیے نشان زد کیا گیا ہے، جن میں نوبیل انعام یافتہ امرتیہ سین، معروف شاعر جے گوسوامی، کرکٹر محمد شامی اور لکشمی رتن شکلا جیسے نام بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فہرست ہی بڑے پیمانے پر نام خارج کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے ایس آئی آر سماعت کے دوران مائیکرو آبزرورز کی تعیناتی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ SIR کے قواعد میں اس کی اجازت نہیں ہے، پھر بھی صرف مغربی بنگال میں ایسا کیوں کیا جا رہا ہے۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ یہ آبزرورز بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کر رہے ہیں اور عوام ان کی ہدایات ماننے کے پابند نہیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بنکورا اور مالدہ اضلاع میں فارم 7 بڑی تعداد میں گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیے جا رہے تھے تاکہ ووٹروں کے نام حذف کیے جا سکیں۔ پولیس کے مطابق بنکورا میں ایک گاڑی سے بھری ہوئی فارم 7 برآمد ہوئیں، دو افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ کچھ لوگ فرار ہو گئے۔ اس معاملے میں کھاترا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر دوہرے معیار اپنانے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ بہار میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کو شہریت کی دستاویز مانا گیا، لیکن مغربی بنگال میں ایسا نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ SIR سے متعلق کئی ہدایات افسران کو واٹس ایپ کے ذریعے دی جا رہی ہیں، جو شفافیت پر سوال کھڑے کرتی ہیں۔
انہوں نے اسے معلومات، حقِ رائے دہی اور جمہوریت کی ’’چوری‘‘ قرار دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور پولیس کو چوکس رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ سب ایک سیاسی سازش کے تحت کیا جا رہا ہے۔