امریکہ و کینیڈا

ایلون مسک کی کمپنی براہ راست خلا سے موبائل کالز سروس فراہم کرنے کیلئے تیار

اس سروس کے لیے سیٹلائیٹس میں ایسے موڈیم نصب کیے گئے ہیں جو انہیں کسی موبائل ٹاور کی طرح کام کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور وہ خلا سے براہ راست اسمارٹ فونز میں فون سگنل بیم کرتے ہیں۔

سان فرانسسکو: ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس اب خلا سے زمین تک سیٹلائیٹ کے ذریعے موبائل فون سروس فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ جی ہاں واقعی اسپیس ایکس کا ڈویژن اسٹار لنک اسمارٹ فون کیکٹیویٹی کو بالکہ نئی سطح تک لے جانے والا ہے۔

ڈائریکٹ ٹو سیل نامی سیٹلائیٹ سروس کے ذریعے صارفین آئی فونز اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز سے زمین کے کسی بھی کونے سے کہیں بھی کال کرسکیں گے۔اس سروس کی خاص بات یہ ہے کہ اسمارٹ فونز میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ بس ڈیوائس میں ایل ٹی ای سپورٹ ہونا ہی کافی ہوگا۔

یہ سروس موبائل رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی یا کم از کم کمپنی کا تو یہی ماننا ہے کیونکہ آپ زمین کے ان علاقوں سے بھی کالز کرسکیں گے جہاں ابھی موبائل فون استعمال کرنا ممکن نہیں۔صحرا کے وسط میں، سمندر کے درمیان یا کسی جنگل کی گہرائی میں، آپ کہیں سے بھی اپنے دوستوں یا پیاروں سے اس سٹیلائیٹ سروس کے ذریعے رابطہ کرسکیں گے۔

اس سروس کے لیے سیٹلائیٹس میں ایسے موڈیم نصب کیے گئے ہیں جو انہیں کسی موبائل ٹاور کی طرح کام کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور وہ خلا سے براہ راست اسمارٹ فونز میں فون سگنل بیم کرتے ہیں۔

اسپیس ایکس کی جانب سے امریکی ادارے فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا کہ اس سروس کی آزمائش اسمارٹ فونز بنانے والی بڑی کمپنیوں جیسے ایپل اور گوگل کے فونز میں کی گئی اور یہ سروس کامیاب ثابت ہوئی۔

ٹیسٹوں سے تصدیق ہوئی کہ پی سی ایس جی بلاک اسپیکٹرم کو استعمال کرنے سے رابطوں میں خلل نہیں پڑتا۔ اسپیس ایکس کے مطابق ایل ٹی ای سپورٹ والے کسی بھی اسمارٹ فون میں یہ ٹیکنالوجی کام کرسکتی ہے، درحقیقت کچھ پرانے ماڈلز جیسے آئی فون 14 میں بھی سیٹلائیٹ کنکٹیویٹی ممکن ہوگی۔

ویسے تو آئی فونز میں ابھی بھی سٹیلائیٹ کنکٹویٹی کی سہولت موجود ہے مگر وہ ایمرجنسی حالات میں پری سیٹ میسجز تک محدود ہے۔مگر اسٹار لنک کی سروس صارفین کو مکمل میسجز خود ٹائپ کرکے بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گی، اس طرح ایمرجنسی حالات میں لوگوں کو زندگیوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔

اسٹار لنک نے اس نئی سیٹلائیٹ سروس کو تجارتی پیکج کے کے طور پر شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے، جس کی قیمتوں کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔اسٹار لنک کی جانب سے امریکہ، جاپان، یوکرین اور نیوزی لینڈ سمیت 8 ممالک کے ساتھ اس سروس کو متعارف کرانے کے لیے معاہدے کیے گئے ہیں۔

یوکرین ان اولین ممالک میں سے ایک ہوگا جہاں یہ سروس متعارف کرائی جائے گی۔

اسی مقصد کے لیے یوکرین کے موبائل آپریٹر Kyivstar نے اسٹار لنک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ ڈائریکٹ ٹو سیل سیٹلائیٹ سروس متعارف کرائی جاسکے۔یوکرین میں یہ سروس 2025 کی آخری سہ ماہی میں فعال ہونے کی توقع ہے۔آغاز میں اس سروس میں میسجنگ کی سہولت دستیاب ہوگی اور بعد ازاں وائس اور ڈیٹا سروسز کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے گا۔ امریکا میں بھی اس سروس کی آزمائش ایک معروف موبائل آپریٹر کے ساتھ 2025 کے شروع میں کی کی جائے گی۔