جموں و کشمیر

کشمیر میں حرام گوشت کا مسئلہ، سری نگر میں کل ہنگامی میٹنگ

وادی میں گزشتہ کئی دنوں سے بھاری مقدار میں گلے سڑے اور مضر صحت گوشت کی برآمدگی نے حکومت کو سخت تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

سری نگر: وادی میں گزشتہ کئی دنوں سے بھاری مقدار میں گلے سڑے اور مضر صحت گوشت کی برآمدگی نے حکومت کو سخت تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

اس سنگین صورتحال کے پیشِ نظر، وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے 11اگست کو ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ مارکیٹ میں اشیاء کی معیار بندی، نگرانی اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ یہ اجلاس صبح 10بجے سول سیکریٹریٹ سرینگرمیں منعقد ہوگا۔ اس میں خوراک اور گوشت کی فراہمی اور معیار کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اور فوڈ، سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرز محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں حالیہ دنوں کے ان واقعات پر خصوصی توجہ دی جائے گی جن میں سڑا گلا گوشت، ناقص دودھ، اور مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء ضبط کی گئی ہیں۔

صحت ماہرین پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ ایسے کھانے پینے کی اشیاء کینسر سمیت مہلک بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں، جبکہ عوامی صحت پر اس کے اثرات تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں وزراء، مشیر اور اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔