انگلینڈ کی اسکاٹ لینڈ کو 252 رن سے شکست
انگلینڈ کی جانب سے کیلب فالکنر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مینی لمسڈن اور رالفی البرٹ نے دو، دو وکٹیں لیں۔
ہرارے: بین میئزس (191) اور جوزف مورز (81) کی شاندار اور جارحانہ اننگز کے بعد گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے بدھ کے روز انڈر 19 ورلڈ کپ کے 17ویں میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 252 رن سے ہرا دیا۔
405 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں اتری اسکاٹ لینڈ کی ٹیم انگلینڈ کے گیند بازوں کے سامنے 44.5 اوورز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ نے میچ 252 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے فنلے کارٹر نے 34، میکس چیپلن نے 22، تھیو رابنسن نے 19، جیک ووڈہاؤس نے 18، تھامس نائٹ نے 13 جبکہ منو سارسوت نے 10 رنز بنائے۔ 45 ویں اوور میں کیلب فالکنر نے رام شرما ایک کو آؤٹ کر کے اسکاٹ لینڈ کی اننگز 152 رنز پر ختم کر دی۔ ایتھن ریمسے 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے کیلب فالکنر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مینی لمسڈن اور رالفی البرٹ نے دو، دو وکٹیں لیں۔ الیکس گرین، فرحان احمد اور لیوک ہینڈز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل یہاں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری انگلینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے 12 رن پر پہلی وکٹ گنوا دی۔ بین ڈاکنز (5) کو فنلے جونز نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد بین نے جوزف مورز کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن جوڑے۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 188 رن کی شراکت قائم ہوئی۔ 25ویں اوور میں فنلے جونز نے سنچری کی جانب بڑھ رہے جوزف کو آؤٹ کیا۔ جوزف نے 65 گیندوں پر پانچ چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 81 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان تھامس ریو (22) اور کیلب فالکنر (32) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
46ویں اوور میں میکس چیپلن نے ڈبل سنچری کی جانب بڑھ رہے بین کو آؤٹ کر کے پویلین بھیجا۔ بین نے 117 گیندوں پر 18 چوکے اور آٹھ چھکے لگاتے ہوئے 191 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں رالفی البرٹ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز کا بڑا اسکور بنایا ۔ فرحان احمد (15) اور سبیسٹین مورگن 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جیک ووڈہاؤس نے تین وکٹیں حاصل کیں، فنلے جونز کو دو وکٹیں ملیں جبکہ میکس چیپلن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔