ایکسائز کانسٹیبل سومیا کی حالت ہنوزنازک، ہیلت بلیٹن جاری
نمس کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کا بایاں گردہ نکال دیا گیا ہے اور وہ اس وقت وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ حالانکہ ان کی حالت نازک ہے لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ علاج کا ان پر اثرہورہا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں گانجہ اسمگلروں کے گروہ کو روکنے کی کوشش کے دوران زخمی ہونے والی ایکسائز کانسٹیبل سومیا کی حالت ہنوزنازک بنی ہوئی ہے۔حیدرآباد کے نمس اسپتال کے ڈاکٹروں نے تازہ ہیلت بلیٹن جاری کرتے ہوئے ان کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔
جمعہ کے روز نظام آباد ضلع میں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ایک گانجہ اسمگلر گروہ نے فرار ہونے کی کوشش میں کانسٹیبل سومیا کو اپنی کار سے ٹکر ماری۔
ڈاکٹروں کے مطابق کار سومیا کے پیٹ کے اوپر سے گزر گئی جس کی وجہ سے ان کا جگر اور گردے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ پسلیاں بھی ٹوٹ گئی ہیں۔
نمس کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کا بایاں گردہ نکال دیا گیا ہے اور وہ اس وقت وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ حالانکہ ان کی حالت نازک ہے لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ علاج کا ان پر اثرہورہا ہے۔
پولیس نے اس واقعہ میں ملوث گانجہ اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔