حیدرآباد

ورزش صرف فٹنس نہیں بلکہ جسم و دماغ کی مکمل صحت کا ذریعہ ہے: مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری

لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے چیئرمین مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے عالمی یوم ورزش (21 جون) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ورزش صرف فٹ رہنے یا وزن گھٹانے کے لیے نہیں، بلکہ یہ انسانی جسمانی اور ذہنی صحت دونوں پر گہرے اثرات ڈالتی ہے۔

حیدرآباد: لینگویجز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے چیئرمین مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے عالمی یوم ورزش (21 جون) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ورزش صرف فٹ رہنے یا وزن گھٹانے کے لیے نہیں، بلکہ یہ انسانی جسمانی اور ذہنی صحت دونوں پر گہرے اثرات ڈالتی ہے۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں، جب ذہنی دباؤ اور طرزِ زندگی کی بیماریاں بڑھتی جارہی ہیں، باقاعدہ ورزش اور جسمانی مصروفیت کو معمول بنانا نہایت ضروری ہوگیا ہے۔ ورزش انسان کو نہ صرف توانا بناتی ہے بلکہ اس کی زندگی میں نظم، ضبط اور خود اعتمادی بھی پیدا کرتی ہے۔

مولانا صابر پاشاہ نے فراغت کے وقت کو نعمت قرار دیتے ہوئے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "دو نعمتیں ایسی ہیں جن کی اکثر لوگ قدر نہیں کرتے: صحت اور فراغت۔” (ترمذی)۔

انہوں نے کہا کہ وقت کی قدر کرنا ایک مؤمن کی پہچان ہے۔ حضرت حسن بصریؒ، علامہ ابن جوزیؒ، امام شافعیؒ اور دیگر اکابرین کی زندگیاں اس بات کی بہترین مثال ہیں کہ کیسے انہوں نے وقت کو قیمتی سرمایہ سمجھا اور ہر لمحے کو نیکی، علم اور خدمتِ خلق میں صرف کیا۔

مولانا نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے وقت کو قرآن کی تلاوت، دینی تعلیمات کے حصول، نیکیوں کے فروغ اور سماجی خدمات میں استعمال کریں۔ عبادات کے ساتھ ساتھ ورزش، نیکی، صدقہ، مریض کی عیادت، اور علمی و دینی صحبتوں میں وقت گزارنا انسان کی روحانی و اخلاقی بلندی کا ذریعہ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورزش اور صحت کی سرگرمیوں کو صرف جسمانی فائدہ تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان لمحات کو ذکر، استغفار، درود شریف اور خیر کے کاموں سے جوڑیں تاکہ ہر سانس نجات کا وسیلہ بن سکے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم وقت کو ضائع نہ ہونے دیں کیونکہ وقت ایک ایسا تیز دھار ہتھیار ہے جو اگر تم اسے نہ کاٹو تو یہ تمہیں کاٹ دے گا۔

دعائیہ کلمات کے ساتھ، انہوں نے کہا:
"اللہ رب العزت ہم سب کو وقت، صحت اور عقل کی نعمت کا شعور عطا فرمائے اور ہمیں اُن لوگوں میں شامل فرمائے جو اپنی زندگی کو مفید اور آخرت کے لیے کارآمد بناتے ہیں۔ آمین۔”