تلنگانہ

بی سی طبقات کو تحفظات کے بغیر انتخابات منظور نہیں، ریاست گیر عوامی تحریک کا اعلان: کویتا

کویتا آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں جس میں انہوں نے ریاستی حکومت کی کارکردگی، بی سی بل پر حکومت اور اپوزیشن کی غفلت، آندھرا وزراء کے تلنگانہ مخالف بیانات اور نلہ ملہ جنگلات پر مجوزہ پراجیکٹ سمیت متعدد اہم امور پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

حیدرآباد: صدر تلنگانہ جاگروتی اور قانون ساز کونسل کی رکن کے کویتا نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر ریاست میں پسماندہ طبقات (بی سی) کو 42 فیصد تحفظات دیئے بغیر بلدی انتخابات منعقد کیے گئے تو یہ فیصلہ ایک بڑے عوامی احتجاج کو جنم دے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر گاؤں، ہر پنچایت اور ہر وارڈ میں سینکڑوں نامزدگیاں داخل کر کے احتجاج کو تحریک کی شکل دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں
ریونت ریڈی کرپشن کے شہنشاہ، تلنگانہ کے مفادات کو نظرانداز کر رہے ہیں: کویتا
عوام میں کے سی آر کی عزت ہنوز برقرار: کے ٹی آر
چیف منسٹر ریونت ریڈی کا انتخابی وعدہ پورا، بُڈگا جنگم بستی کے عوام کیلئے مستقل مکانات کی راہ ہموار
محبوب نگر: اقلیتی پوسٹ میٹرک ہاسٹل (بوائز) میں 18 مخلوعہ نشستوں کیلئے درخواستیں مطلوب ،16 جولائی آخری تاریخ
سام چیرٹی ٹرسٹ اینڈ ویلفیئر کی چیئرپرسن شیخ انجم کی سابق وزیر ہریش راؤ سے ملاقات

کویتا آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں جس میں انہوں نے ریاستی حکومت کی کارکردگی، بی سی بل پر حکومت اور اپوزیشن کی غفلت، آندھرا وزراء کے تلنگانہ مخالف بیانات اور نلہ ملہ جنگلات پر مجوزہ پراجیکٹ سمیت متعدد اہم امور پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

17 جولائی کو ریاست گیر "ریل روکو” احتجاج کا اعلان

کویتا نے کہا کہ بی سی طبقات کے حق میں 17 جولائی کو ریاست گیر ریل روکو احتجاج منظم کیا جائے گا، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 16، 17 اور 18 جولائی کو اپنے سفری منصوبے مؤخر کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بی سی، ایس سی اور ایس ٹی تنظیمیں اس احتجاج کی حمایت کر رہی ہیں۔

ریونت ریڈی دہلی کے سب سے زیادہ دورے کرنے والے چیف منسٹر: کویتا کا طنز

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی پر طنز کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ وہ دہلی کے سب سے زیادہ دورے کرنے والے وزیر اعلیٰ ہیں اور "گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ” کے مستحق ہیں، لیکن انہوں نے آج تک بی سی بل کے مسئلے پر وزیر اعظم سے ایک بار بھی بات نہیں کی۔

بی جے پی کی وکاس یاترا محض تماشہ قرار

کویتا نے کہا کہ بی جے پی کی "تلنگانہ وکاس یاترا” ایک تماشہ ہے اور جب تک بی جے پی بی سی بل کی حمایت نہیں کرتی، عوام ان پر اعتبار نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی بی سی طبقات کے مسائل پر سنجیدہ نہیں ہیں۔

نلہ ملہ جنگلات پر خطرہ، جاگروتی عدالت سے رجوع کرے گی

کویتا نے کہا کہ بولاپلی پراجیکٹ کے تحت مجوزہ 150 ٹی ایم سی ذخیرے آب سے نلہ ملہ کے جنگلات کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ تلنگانہ جاگروتی اس کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو چیلنج دیا کہ اگر وہ واقعی "نلہ ملہ کا شیر” ہیں تو وہ اس پراجیکٹ کو رکوا کر دکھائیں۔

آندھرا وزراء کے بیانات پر شدید ردعمل

آندھرا پردیش کے وزیر این راما نائیڈو کے گوداوری کے پانی پر دیے گئے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کے سی آر نے ہمیشہ تلنگانہ کے کھیتوں تک گوداوری کا پانی پہنچانے کی کوشش کی، جبکہ چندرابابو نائیڈو نے ان پراجیکٹس کی مخالفت کی اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ اب ریونت ریڈی ان سے سازباز کر کے ریاست سے غداری کر رہے ہیں۔

آپریشن کگار روکا جائے، ماؤ نوازوں سے مذاکرات کا مشورہ

آخر میں کویتا نے حالیہ انکاؤنٹر میں گاجرلا روی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت "آپریشن کگار” کو روکے اور ماؤ نوازوں سے بات چیت کرے تاکہ تشدد اور خونریزی کا خاتمہ ہو۔