ایشیاء

ایران میں شدید گرمی، تمام سرکاری ادارے صبح 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

ایران کے جنوب میں بعض علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا پہنچا ہے تومحکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق آج تہران میں درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کر جائے گا۔

تہران: ایران میں شدید گرمی کے باعث ملک بھر کے تمام سرکاری ادارے صبح 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایرانی حکومت کی اطلاعاتی کونسل کے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ملک بھر میں جاری شدید گرمی کے باعث صحت عامہ کے تحفظ اور توانائی کے استعمال کو منظم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

فیصلے کے مطابق، امدادی خدمات کے علاوہ ملک بھر کے تمام سرکاری ادارے اور بینک صبح 6 بجے سے 10 بجے تک خدمات فراہم کریں گے۔ ایران کے جنوب میں بعض علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا پہنچا ہے تومحکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق آج تہران میں درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کر جائے گا۔

ایران میں حالیہ برسوں کے گرم ترین دنوں کی وجہ سے 24 جولائی کو ملک بھر میں بجلی کی کھپت 79 ہزار 189 میگاواٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جب کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنی تیوانیر نے اعلان کیا کہ وہ ضرورت سے زیادہ کھپت کو پورا نہیں کر سکتی اور یہ 27 جولائی کو دارالحکومت تہران میں سرکاری اور نجی شعبوں میں چھٹی کرنے کی درخواست کرے گی۔