ممبئی میں فرضی مرشد گرفتار، خاتون کی عصمت دری کا الزام
مقامی سانتا کروز پولیس نے ملزم عبدالرشید (45) کو حراست میں لیا اور جمعرات کو اسے مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے 23 اگست تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون گھریلو اور صحت کے مسائل کا شکار تھی اور انہی پریشانیوں کے سبب وہ عبدالرشید سے رجوع کر بیٹھی۔
ممبئی: ممبئی پولیس نے ایک خود ساختہ مرشد کو گرفتار کر لیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے 32 سالہ خاتون کو جادو ٹونے اور بری روحوں کے اثرات ختم کرنے کے بہانے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ واقعہ نے شہر میں سنسنی پھیلا دی ہے۔
مقامی سانتا کروز پولیس نے ملزم عبدالرشید (45) کو حراست میں لیا اور جمعرات کو اسے مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے 23 اگست تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون گھریلو اور صحت کے مسائل کا شکار تھی اور انہی پریشانیوں کے سبب وہ عبدالرشید سے رجوع کر بیٹھی۔
عبدالرشید نے خاتون کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے باور کرایا کہ اس پر بری روحوں کا سایہ ہے اور صرف اس کی خاص تانترک رسومات ہی اسے اس قبضے سے آزاد کرا سکتی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ رواں ماہ کے آغاز میں راشد نے خاتون کو ایک ایسی ہی رسم کے لیے اپنے پاس بلایا۔ دوران تقریب اس نے مبینہ طور پر اس کی عصمت دری کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدا میں متاثرہ کو یہ گمان ہوا کہ یہ سب علاج کا حصہ ہے، لیکن بعد ازاں حقیقت کا ادراک ہونے پر وہ دھوکہ دہی اور زیادتی کو سمجھ سکی۔ بالآخر اس نے منگل کو سانتا کروز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے عبدالرشید کو گرفتار کر لیا۔